اسلام آباد: چیف جسٹس سے تحریک انصاف کے وفد کی ایک گھنٹے طویل ملاقات

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی سے تحریک انصاف کے وفد نے ملاقات کی ہے، تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ چیف جسٹس نےعدالتی ریفارمز کےحوالے سے ہم سے10نکاتی ایجنڈا شیئرکیا،ہم اپنی تجاویز چیف جسٹس آف پاکستان کو دیں گے، ہم نے چیف جسٹس کو کہا کہ آپ کے حکم پر کوئی عملدرآمد نہیں ہوتا۔
حزب اختلاف کے 5 رکنی وفد نے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ہے، ملاقات ایک گھنٹے تک جاری رہی جس کا اعلامیہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے ملاقات کے بعد پارٹی رہنماؤں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملاقات چیف جسٹس کی درخواست پر کی گئی، چیف جسٹس نے عدالتی ریفارمز کے حوالے سے 10نکاتی ایجنڈا شیئرکیا،ہم اپنی تجاویز چیف جسٹس آف پاکستان کو دیں گے۔
بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ ہم نے چیف جسٹس کو کہا کہ آپ کے حکم پر کوئی عملدرآمد نہیں ہوتا، ہم نے پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان پر ایف آئی آر کی بھی بات کی
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی دو ڈھائی سال سے فسطائیت کا سامنا کررہی ہے، عمران خان کو ڈاکٹرز کی سہولت نہیں دی جارہی، انہیں تنہائی میں رکھا جاتا ہے۔
پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا کہ ہم نے چیف جسٹس کے ساتھ آئین اور قانون کی عملداری پر بات چیت کی، چیف جسٹس کو آئین میں دیئے گئے انسانی حقوق کی پامالیوں کےحوالے سے آگاہ کیا گیا، اگر پاکستان کی اعلیٰ عدلیہ ان مسائل کو نہیں دیکھتی تو پھر لوگ مایوس ہوں گے







