دنیا

حماس کا جمعرات کو چار مغویوں کی لاشیں واپس کرنے کا اعلان

حماس نے اعلان کیا ہے کہ جمعرات کے روز چار مغویوں کی لاشیں اسرائیل کے حوالے کی جائیں گی جبکہ قیدیوں کا تبادلہ سنیچر کے روز ہو گا۔

حماس کے مذاکرات کار خلیل الحیا کا کہنا ہے کہ جن چار قیدیوں کی لاشیں واپس کی جائیں گی ان میں شری اور ان کے دو بچوں کفیر اور ایریل کی لاشیں بھی شامل ہیں۔ اغوا کے وقت بیباس خاندان کے بچوں کی عمریں نو ماہ اور چار سال تھی۔ یہ دونوں حماس کی قید میں موجود سب سے کم عمر یر غمالی تھے۔

حماس کا الزام ہے کہ ان تینوں کی ہلاکت اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں ہوئی ہے۔ تاحال اسرائیل کی جانب سے اس بارے میں کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے۔

ان بچوں کے والد یارڈن کو رواں ماہ پہلے ہی رہا کیا جا چکا ہے۔

خلیل الحیا کا کہنا ہے کہ حماس سنیچر کے روز چھ دیگر قیدیوں کو بھی رہا کرے گا۔ قیدیوں کی یہ تعداد طے شدہ تعداد سے دو گنا ہے۔

سنیچر کے روز رہائی پانے والے قیدیوں میں سے دو کی شناخت ایورا مینگیستو اور ہشام السید کے نام سے ہوئی ہے۔ ان دونوں کو بالترتیب 2014 اور 2015 میں اس وقت پکڑا گیا تھا جب وہ غزہ میں داخل ہوئے تھے۔

اسرائیلی حکومت نے کہا ہے کہ وہ دونوں اس وقت ذہنی صحت کے مسائل سے دوچار تھے۔

اس کے بدلے میں اسرائیل گزشتہ سال اکتوبر کے بعد گرفتار کی جانے والی تمام خواتین اور 19 سال سے کم عمر مردوں کو رہا کرے گا۔ اس کے علاوہ مصر کے راستے ملبہ ہٹانے کی کچھ مشینری لانے کی بھی اجازت دی جائے گی

جواب دیں

Back to top button