پاکستان

بلوچستان: گلستان میں ایف سی قلعہ میں دراندازی کی کوشش ناکام، 2 دہشتگرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے گلستان میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کے قلعے میں نامعلوم مسلح افراد کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

حکام کے مطابق مسلح افراد کے ایک گروپ نے کوئٹہ چمن قومی شاہراہ پر واقع گلستان میں ایف سی کے قلعے پر حملہ کیا، اور مقامی آبادی پر فائرنگ کرنے کے علاوہ دستی بم بھی پھینکے۔

تاہم سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر جوابی کارروائی کی، حملہ آوروں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

ایک عہدیدار نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے ایف سی قلعے کے احاطے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے والے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، حملہ آور علاقے میں بدامنی پیدا کرنا چاہتے تھے، لیکن سیکیورٹی فورسز کی فوری جوابی کارروائی کی وجہ سے ان کی کوششوں کو ناکام بنا دیا گیا۔

حکام کے مطابق فائرنگ کا تبادلہ کچھ دیر تک جاری رہا، تاہم صورتحال پر قابو پالیا گیا، اس دوران علاقے میں اضافی دستے بھیجے گئے اور چمن سے لیویز اہلکار بھی پہنچے۔

جواب دیں

Back to top button