احتجاج کا دوسرا دن: احتجاجی قافلہ ہکلہ سے آگے نکل گیا، اسلام آباد پہنچنے کے قریب، کارکنان پر بدترین شلینگ

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں احتجاج کے لیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا پشاور سے نکلنے والا قافلہ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی قیادت میں ہکلہ انٹرچینج سے آگے نکل چکا ہے اور ایک بار پھر اسلام آباد کی جانب گامزن ہے۔ قافلے میں بشریٰ بی بی، علی امین گنڈاپور، عمرایوب، اسدقیصر، عاطف خان، شہرام ترکئی، مشال یوسفزئی اور صنم جاوید بھی موجود ہیں۔ کارکنان 26 نمبر چونگی پہنچے تو اسلام آباد پولیس کی جانب سے شیلنگ شروع کردی گئی۔ شیلنگ سے شہریوں اور رہائشیوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اور ٹریفک کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا۔ **
قافلہ کٹی پہاڑی پہنچا تو وہاں اسے شدید شیلنگ کا سامنا کرنا پڑا، وہاں سے آگے بڑھے تو پی ٹی آئی کارکنوں کو روکنے کے لیے پولیس کی جانب سے شدید شلینگ جاری رہی جبکہ کارکنان نے شلینگ سے بچنے کے لئے پارٹی پرچم سے منہ کو لپٹ لیا۔
متعدد کارکنان حفاظتی ماسک پہنے اسلام آباد کی جانب پیدل گامزن ہیں۔ علاوہ ازیں پولیس کے خلاف کارکنوں نے نئی حکمت عملی اپناتے ہوئے پہاڑی پر چڑھ کر پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ شروع کردیا۔
خیال رہے کہ پی ٹی آئی نے احتجاجی ریلی سے قبل کہا تھا کہ کئی ہزار کارکنوں پر مشتمل ایک فرنٹ لائن اسکواڈ ہوگا جو پولیس کے شلینگ کو غیر موثر بنانے کے لیے کام کرے گا لیکن ایسا کوئی اسکواڈ نظر نہیں آرہا۔







