Editorial

شرپسند بھارت کی ہائبرڈ جنگ اور پاکستان

سانحہ نائن الیون کے بعد پاکستان 15سال تک بدترین دہشت گردی کا شکار رہا ہے۔ روزانہ ملک کے مختلف حصوں میں دہشت گرد حملوں میں درجنوں لوگ جاں بحق ہوتے تھے۔ ڈیڑھ عشرے کے دوران 80ہزار سے زائد بے گناہ شہری جاں بحق ہوئے، جن میں بڑی تعداد میں سیکیورٹی فورسز کے شہید اہلکار اور افسران بھی شامل ہیں۔ پاکستان نے تن تنہا دہشت گردی کے چیلنج کا مقابلہ کیا اور اس پر قابو پایا۔ بہادر سیکیورٹی فورسز نے آپریشن ضرب عضب اور ردُالفساد کے ذریعے دہشت گردی کے عفریت کو کنٹرول کیا۔ دہشت گردوں کی کمر توڑ کے رکھ دی گئی۔ اس کامیابی پر دُنیا بھر کی جانب سے پاکستانی کوششوں کو سراہا گیا، لیکن بھارت اس پر بھی روایتی حسد اور جلن کا شکار دکھائی دیا۔ پاکستان ہمیشہ انتہاپسندی کے خلاف رہا ہے۔ بھارت پچھلے 77سال سے وطن عزیز کو نقصان پہنچانے کی کوششوں میں لگا رہا ہے۔ ہر بار اسے ہماری بہادر افواج نے منہ توڑ جواب دیا۔ اب پچھلے کافی سال سے اس نے پاکستان پر ہائبرڈ جنگ مسلط کی ہوئی ہے۔ پاکستان سے متعلق جھوٹ گھڑنا اس کی پرانی عادت ہے۔ ماضی میں اُس کی ڈس انفولیب دُنیا کے سامنے بے نقاب ہوئی تھی، جس میں اُس کا سارا کچا چٹھا کُھل اور پاکستان مخالف گھنائونا کردار بے نقاب ہوگیا تھا۔ بھارت خطے سے باہر بھی دہشت گرد سرگرمیوں کا حصہ رہا ہے۔ کینیڈا میں خالصتان تحریک کے اہم رہنما کا قتل اس کی واضح دلیل ہے۔ دُنیا بھر کے اکثر ممالک بھارت کی اصلیت جانتے اور اسے کسی طور اچھا نہیں سمجھتے۔ ایسا متنازع ملک، پاکستان کے خلاف ریشہ دوانیوں میں مصروف ہے اور اُس کا امیج دُنیا میں خراب کرنے کے ساتھ وطن عزیز کو تباہ و برباد کرنا چاہتا ہے۔ اس کے لیے اپنی ہائبرڈ وار کو مزید توسیع دے رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت نے پاکستان کے خلاف اپنی ہائبرڈ جنگ کا دائرہ وسیع کرلیا اور اس نے مملکت خداداد کو غیر مستحکم کرنے کے لیے کثیر جہتی حکمت عملی اپنائی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کی ’’ پاکستان کے خلاف ہائبرڈ وار‘‘ کے عنوان سے رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارت نے کئی محاذوں پر پاکستان کے خلاف ہائبرڈ جنگ چھیڑ رکھی ہے، جس میں ڈس انفارمیشن مہم، دہشت گردی کو فروغ دینا اور پاکستان کی عالمی ساکھ کو داغ دار کرنے کی منظم کوششیں شامل ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان کو نشانہ بنانے کیلئے بھارت کی ہائبرڈ حکمت عملی میں غلط معلومات اور جعلی خبروں کا پھیلائو بڑے پیمانے پر شامل ہیں، بھارت غلط معلومات اوربے بنیاد خبروں کے ذریعے پاکستان کو دہشت گرد گروپوں کا حامی قرار دینے کی کوشش کرتا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت غلط معلومات پھیلانے کی کوششوں میں بارہا بے نقاب ہوا ہے، متعدد بین الاقوامی تحقیقات میں بھارت کی طرف سے پاکستان کے خلاف چلائے جانے والے کئی جعلی نیوز نیٹ ورکس کا پردہ فاش کیا ہے۔ کے ایم ایس نے اپنی رپورٹ میں DisinfoLabکا حوالہ دیا ہے جس نے جعلی میڈیا آئوٹ لیٹس اور غیر سرکاری تنظیموں کے ایک وسیع نیٹ ورک کا انکشاف کیا تھا جو بھارتی مفادات کے تحت چلائے جاتے ہیں۔ یہ تحقیقات بتاتی ہیں کہ بھارت غلط معلومات کے ذریعے پاکستان کو دہشت گردی کا حامی قرار دینے کی ایک بڑی مہم چلا رہا ہے۔ کے ایم ایس رپورٹ میں کہا گیا کہ مودی حکومت کے ہائبرڈ جنگی حربے علاقی استحکام کیلئے شدید خطرے کا سبب ہیں۔ تاہم پاکستانی اور کشمیری اس کے ہائبرڈ جنگی حربوں کا مقابلہ کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ بھارت کے یہ حربے ماضی کی طرح آگے بھی ناکام ہوں گے۔ دُنیا جانتی ہے کہ پاکستان دہشت گردوں کا ہرگز حامی نہیں، بلکہ فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف برسرپیکار ہے۔ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے روزانہ ڈھیروں آپریشنز ہورہے ہیں، جن میں بڑی کامیابیاں مل رہی ہیں۔ متعدد دہشت گردوں کو ہلاک اور بہت سے علاقوں کو کلیئر کرایا جاچکا ہے۔ ہماری فورسز دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔ گزشتہ روز بھی بلوچستان میں 3دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا اور میجر اور حوالدار نے جام شہادت نوش کیا۔ 14نومبر کو ضلع ہرنائی میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کی اطلاع پر فوری میجر محمد حسیب کی قیادت میں علاقے کو کلیئر کرنے کے لیے سیکیورٹی اہلکاروں کو روانہ کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے مثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں تین دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ کارروائی کے دوران ایک دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد سیکیورٹی فورسز کی اگلی گاڑی پر پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں فرنٹ لائن پر اپنی ٹیم کی قیادت کرنے والے میجر محمد حسیب اور حوالدار نور احمد نے بہادری سے لڑتے ہوئے وطن پر اپنی جان قربان کردی اور شہادت کا رتبہ پایا۔ میجر حسیب اور حوالدار نور احمد کی شہادت پر پوری قوم اُن کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ بھارت اپنی ہائبرڈ جنگ کے ذریعے پاکستان کو کسی طور زیر نہیں کر سکتا۔ پاکستان مخالف جھوٹی اور من گھڑت خبروں کی حقیقت سے ساری دُنیا واقف ہے۔ پاکستان میں موجود اپنے زرخرید غلاموں کے ذریعے پھیلائے گئے شر کا توڑ ماضی میں بھی ہوتا رہا ہے اور آئندہ بھی انتہائی احسن انداز میں اس پھیلائے گئے زہر کا تریاق کیا جائے گا۔ پاکستان کو دُنیا کی بہترین اور پیشہ ور افواج کا ساتھ میسر ہے۔ پاک افواج قوم کا فخر ہیں۔ ملک و قوم کے لیے ان کی قربانیوں اور خدمات کو کسی طور فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ بھارت چاہے ایڑی چوٹی کا زور لگالے، وہ پاکستان کو ذرا بھی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ اُس کی تمام تر سازشیں ہمیشہ ناکام ثابت ہوں گی۔
شذرہ۔۔۔۔۔
پنجاب: ایکوا شریمپ فارمنگ انٹرن شپ پروگرام کا آغاز
عوام کا درد اپنے دل میں محسوس کرنے والے حکمراں اُن کے مصائب اور مشکلات میں کمی لانے کے لیے اقدامات کرتے ہیں۔ اُن کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات میں مصروف رہتے ہیں۔ عوام کی آسانی کے لیے ہمہ وقت کوشاں رہتے ہیں۔ پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز ایسی ہی حکمراں ہیں، جنہوں نے محض 8؍9ماہ کے دوران ملک کے آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں وہ نمایاں خدمات سرانجام دی ہیں، جو ماضی میں لوگ سالہا سال حکومتیں کرنے کے باوجود نہ کر سکے تھے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز صوبے اور اُس کے عوام کی بہتری کے لیے کوشاں رہتی ہیں۔ اُن کے دور میں کئی انقلابی منصوبے سامنے آئے ہیں۔ خلق خدا کی بڑی تعداد اُن سے مستفید ہورہی ہے۔ بے روزگاری ہمارے ملک کا سنگین مسئلہ ہے۔ پچھلے 6؍7سال کے دوران بے روزگاری کی شرح میں بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ہمارے نوجوانوں کی بڑی تعداد تعلیم یافتہ ہونے کے باوجود مناسب روزگار سے محروم ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اس مسئلے کی سنگینی سے بخوبی واقف ہیں اور وہ صوبے میں روزگار کے وسیع تر مواقع پیدا کرنے کے مشن پر تندہی سے گامزن ہیں۔ اس ضمن میں اُن کی جانب سے نمایاں پیش رفت دیکھنے میں آرہی ہے۔ اُن کی جانب سے گزشتہ روز ایک بڑے منصوبے کا آغاز ہوا ہے، جس سے نوجوانوں کی بڑی تعداد ہُنرمند بننے کے ساتھ باعزت روزگار کما سکے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے نوجوانوں کے لیے شاندار پروجیکٹ پنجاب ایکوا شریمپ فارمنگ انٹرن شپ پروگرام کا آغاز کردیا گیا، جس کے تحت فشریز ایکوا کلچر اور زوالوجی کی ڈگری رکھنے والے نوجوانوں کو جھینگے فارمنگ کی پریکٹیکل ٹریننگ دی جائے گی۔ نوجوان انٹرنیز کو 6ماہ کے دوران ماہانہ 50ہزار روپے وظیفہ بھی ملے گا اور ینگ زوالوجسٹ کو مظفر گڑھ میں فشریز ڈپارٹمنٹ کے شریمپ فارم پر ٹریننگ دی جائے گی۔ نوجوان انٹرن شپ کے لیے آن لائن جاب پورٹل کی ویب سائٹ پر اپلائی کرسکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ دُنیا بھر میں مانگ سے شریمپ کی فارمنگ سے فائدہ اُٹھانا چاہیے۔ صرف ایک لاکھ ایکڑ پر شریمپ فارمنگ سے ایک ارب ڈالر سے زائد زرمبادلہ حاصل ہوسکتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی بنجر اور ویران زمین کو شریمپ فارمنگ سے قابل استعمال بنایا جائے گا۔ شریمپ فارمنگ کی حوصلہ افزائی کے لیے فارمر اور انویسٹر کو لیز پر زمین، مراعات اور درکار آلات دیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ شریمپ فارمنگ کے فروغ سے 10سے 20ہزار لوگوں کو روزگار کے مواقع مل سکتے ہیں۔ یہ اپنی نوعیت کا انتہائی اہم منصوبہ ہے، اس پر وزیراعلیٰ مریم نواز کے وژن کی جتنی تعریف کی جائے، کم ہے۔ دوسرے صوبوں کو پنجاب کی تقلید کرتے ہوئے اسی طرح کے منصوبے متعارف کرانے چاہئیں۔ اُمید کی جاسکتی ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے آگے بھی اسی طرح عوامی مفاد کے منصوبے سامنے آئیں گے۔

جواب دیں

Back to top button