حزب اللہ نے حسن نصراللہ کے جانشین ہاشم صفی الدین کی شہادت کی تصدیق کردی

ایرانی حمایت یافتہ لبنانی گروپ حزب اللہ نے حسن نصراللہ کی شہادت کے بعد متوقع سربراہ ہاشم صفی الدین کی اسرائیلی حملے میں شہادت کی تصدیق کردی۔
خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق حزب اللہ نے ہاشم صفی الدین کی اسرائیلی فضائی حملے میں شہادت کی تصدیق کی ہے۔
ہاشم صفی الدین ڈپٹی سیکریٹری جنرل نعیم قاسم کے ہمراہ حزب اللہ کی قیادت کر رہے تھے اور حسن نصراللہ کی شہادت کے بعد تنظیم کے باضابطہ سربراہ بننے کی توقع کی جارہی تھی تاہم اس کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا تھا۔
قبل ازیں اسرائیلی فوج نے رواں ماہ کے آغاز میں لبنان کے دارالحکومت بیروت میں کیے گئے فضائی حملے میں ہاشم صفی الدین کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
اسرائیلی فوج نے کہا تھا کہ 3 ہفتے قبل بیروت میں ایران کی حمایت یافتہ لبنانی گروپ حزب اللہ کے ٹھکانوں پر فضائی بمباری کے دوران ان کے متوقع سربراہ ہاشم صفی الدین شہید ہوگئے تھے۔







