’ایران کے ہدایت پر‘ سائنسدان اور میئر کے قتل کا منصوبہ بنانے پر سات افراد گرفتار: اسرائیلی سکیورٹی ایجنسی

اسرائیل میں داخلی سکیورٹی کے ذمہ دار ادارے شاباک اور پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے مقبوضہ مشرقی یروشلم میں ایران کی ایما پر حملوں کی منصوبہ بندی کرنے کے شبے میں سات افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
شاباک اور پولیس کی جانب سے ایک مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مشتبہ افراد نے ’ایران کی ہدایت پر‘ ایک سینیئر اسرائیلی سائنسدان اور ایک شہر کے میئر کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔
اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے گئے افراد کو پولیس کی ایک کار پر بم حملہ اور ایک گھر پر دستی بم پھینکنے کے احکامات بھی ملے تھے۔ حکام کے مطابق ان دونوں کاموں کے لیے مشتبہ افراد کو 53 ہزار ڈالر کی رقم دی گئی تھی۔
ان افراد کو حراست میں لیے جانے کی اطلاعات ایک ایسے وقت سامنے آئی ہیں جب اسرائیل کی سکیورٹی فورسز نے گذشتہ روز ایران کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں سات اسرائیلی شہریوں کی گرفتاری کی تصدیق کی تھی۔
شاباک پولیس کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گرفتار کیے گئے افراد کی قیادت ایک 23 سالہ شخص کر رہا تھا جسے مبینہ طور پر ایک ایرانی ایجنٹ نے بھرتی کیا تھا۔ بتایا جا رہا ہے بعد میں اس 23 سالہ شخص نے دیگر چھ لوگوں کو اپنے گروپ میں شامل کیا۔
اسرائیل کے مقامی میڈیا کے مطابق اس شخص نے قوم پرستانہ وجوہات کی بنا پر ’دہشتگردی کارروائی‘ کرنے کا اعتراف کیا ہے۔
شاباک اور پولیس کی جانب سے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ: ’سائنسدان، میئرز، سکیورٹی حکام اور دیگر ممتاز اسرائیلی افراد ایرانی ایجنٹس کا ہدف ہیں۔‘
’اسرائیلی سکیورٹی ایجنسیاں ایرانی سرگرمیوں کا سُراغ لگانے کے لیے مل کر کام اور ان میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں کرتی رہیں گی۔‘







