دنیا

لبنان اسرائیل کشیدگی: بیروت میں حزب اللہ کے کمانڈر ابراہیم عقیل کے جنازے میں سینکڑوں افراد شریک

حزب اللہ کے فوجی کمانڈر ابراہیم عقیل کی آخری رسومات حزب اللہ کے مرکز بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے دہیح میں ادا کر دی گئی ہیں۔

اس موقع پر جنازے میں شامل ہونے والے حزب اللہ کے جنگجوؤں نے سیاہ لباس پہن رکھا تھا اور ان کی گردنوں میں پیلے رنگ کی حزب اللہ علامتی چادریں تھیں۔

ابراہیم عقیل کے جنازے میں حزب اللہ کے سینکڑوں حامی ہلاک ہو جانے والے اپنے کمانڈر کی تصویر کے ساتھ ساتھ فلسطینی، لبنانی، ایرانی اور حزب اللہ کے جھنڈے اٹھائے موجود تھے۔

کہاں جا رہا ہے کہ ابراہیم عقیل کے جنازے میں شامل لوگوں کی تعداد حزب اللہ کے ایک اور بڑے کمانڈر فواد شکر کی آخری رسومات میں شامل لوگوں سے کہیں زیادہ تھی۔ جو اسی سال جولائی میں دہیح میں ہی ایک اسرائیلی فضائی حملے میں ہلاک ہو گئے تھے۔

حزب اللہ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل شیخ ندیم قاسم نے ابراہیم عقیل کے جنازے میں اپنی تقریر میں کہا کہ ’ان کا گروہ اس ہفتے اسرائیل کی جانب سے کیے جانے والے حملوں کی وجہ سے صدمے کی حالت میں تھا تاہم اب ایسا نہیں۔‘

یاد رہے کہ اس ہفتے کے اوائل میں لبنان میں حزب اللہ کے ارکان کی جانب سے استعمال کیے جانے والے پیجرز اور واکی ٹاکیز میں دھماکے ہوئے تھے جس کے نتیجے میں 39 افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوئے تھے۔ جمعے کے روز ایک فضائی حملے میں عقیل اور حزب اللہ کے دیگر ارکان سمیت 32 عام شہری ہلاک ہو گئے تھے۔

اسرائیل نے صرف اس فضائی حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے، لیکن خیال یہی ہے کہ پیجرز اور واکی ٹاکیز کے پھٹنے کے واقعات میں بھی اسرائیل ہی ملوث ہے۔

شیخ ندیم قاسم نے کہا کہ اسرائیل غزہ کے ساتھ حزب اللہ کی مزاحمت اور رابطے کو توڑنے کی کوشش کر رہا ہے، کیونکہ حزب اللہ حماس کا اتحادی ہے۔

جواب دیں

Back to top button