لبنان سے اسرائیل پر درجنوں راکٹ فائر کیے گئے، ملک میں رات بھر سائرن بجتے رہے: اسرائیلی فوج

اسرائیل کی فوج کا کہنا ہے کہ سنیچر کی رات کو لبنان سے اسرائیل کے شمالی علاقے پر بڑی تعداد میں راکٹ فائر کیے گئے ہیں، جس میں حزب اللہ نے صنعتی مقامات اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق 105 راکٹ حملوں کو روکا گیا ہے مگر پھر بھی کچھ گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔ فوج کے مطابق اسرائیل میں رات بھر سائرن بجتے رہے۔
حزب اللہ کا کہنا ہے کہ اس نے گذشتہ ہفتے پیچر اور واکی ٹاکی حملوں کے جواب میں شمالی اسرائیل پر اہداف پر درجنوں راکٹ فائر کیے ہیں۔
اسرائیل کے مطابق اس نے لبنان پر حملہ کر کے حزب اللہ کے درجن سے زائد سینیئر کمانڈروں کو ہلاک کیا ہے۔ لبنان کا کہنا ہے کہ ان حملوں میں تین بچوں سمیت 37 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
رات سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہے جس کی بی بی سی ابھی تک تصدیق نہیں کر سکا ہے مگر اس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حزب اللہ کے راکٹ حملے کے بعد اسرائیل کے شہر حیفہ کے ایک رہائشی علاقے میں آگ لگی نظر آ رہی ہے۔







