پاکستان

اسلام آباد، لاہور، پشاور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

اسلام آباد کے علاوہ، پنجاب کے دارالحکومت لاہور، خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

زلزلہ پیمامرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.7 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کی گہرائی 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی، اس کا مرکز جنوبی پنجاب کے شہر ڈیرہ غازی خان کے قریب تھا۔

اس کے علاوہ پنجاب کے شہروں سرگودھا، چنیوٹ، ملتان، ڈیرہ غازی خان،جھنگ، گوجرانوالہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب، ساہیوال، چیچہ وطنی، لودھراں، دنیاپور، کہروڑ پکا اور گردو نواح میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

ادھر پشاور، ڈیرہ اسمعٰیل خان اور گرد و نواح میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے جانے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔

رپورٹ کے مطابق زلزلے کے جھٹکوں کے باعث شہریوں میں خوف وہراس پھیل گیا اور وہ گھروں، دکانوں سے باہر نکل آئے۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل بھی سوات سمیت خیبرپختونخوا کے کچھ اضلاع میں 4.5 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، پاکستان کے محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کے جھٹکے دوپہر ایک بجکر 20منٹ پر محسوس کیے گئے اور ریکٹر اسکیل پر اس کی شدت 4.5 محسوس کی گئی تھی۔

زلزلے کی گہرائی 151 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی تھی اور اس کا مرکز ہندو کش کے پہاڑی سلسلے میں تھا جہاں اس علاقے میں اکثر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے جاتے ہیں۔

اس سے قبل پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں 29 اگست کو 5.4 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔

ڈان نیوز کے مطابق زلزلے کے جھٹکے مردان، مالاکنڈ، ہنگو، بونیر، شانگلہ، دیر اور چارسدہ سمیت وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور میں بھی محسوس کیے گئے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button