اسلام آباد: پولیس اور پی ٹی آئی میں تصادم، شیلنگ اور پتھراؤ سے متعدد زخمی
مغرب کے بعد اسلام آباد میں تحریک انصاف کے کارکنوں اور پولیس کے درمیان جھڑپ ہوئی جہاں کارکنوں کی جانب سے مبینہ پتھراؤ پر پولیس نے 26نمبر چونگی پر شیلنگ شروع کر دی ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا تھا کہ پتھراؤ سے ایس ایس پی سیف سٹی سمیت اور متعدد پولیس اہلکار زخمی ہو گئے لیکن مظاہرین کا کہنا ہے کہ پولیس نے انہیں پہلے روکنے کی کوشش کی ہے۔
اس موقع پر پولیس کی جانب سے شیلنگ کے ساتھ ساتھ آنسو گیس کا بھی استعمال کیا گیا جبکہ کچھ افراد کو گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی۔
اسلام آباد سیف سٹی پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پی ٹی آئی کے کارکنوں نے جلسہ گاہ کے لیے طے کردہ روٹس کی خلاف ورزی کی جس کی وجہ سے پولیس نے انہیں جلسے میں جانے سے روکا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں جلسے کے شرکا اور پولیس کے تصادم کا نوٹس لیتے ہوئے زخمی ایس ایس پی شعیب خان کو ٹیلی فون کر کے خیریت دریافت کی اور زخمی پولیس اہلکاروں کو علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے کارکنوں پر بدترین شیلنگ کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ پی ٹی آئی کو ایک بار پھر نشانہ بنایا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی کارکنوں کو جلسہ سے دور رکھا گیا ہے، ہزاروں کارکنوں کو تکلیف مبتلا کیا گیا اور اگر انتظامیہ کو وقت کی فکر ہوتی تو راستے میں رکاوٹیں کھڑی نہ کرتی۔
محمد علی سیف نے کارکنوں کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ تاریخ جعلی حکومت کے اس ظلم کو یاد رکھے گی۔