پی ٹی آئی آج اسلام آباد میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کر رہی ہے
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) آج اسلام آباد میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی جس کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
تحریک انصاف آج اسلام آباد میں سیاسی پنڈال سجارہی ہے،
رات گئے تک جلسہ گاہ میں تیاریوں کا سلسلہ جاری رہا، ساونڈ سسٹم لگادیا گیا، تحریک انصاف کے رہنماوں اور کارکنوں کی آمد کاسلسلہ بھی جاری رہا
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور صوابی سے ریلی کی قیادت کرتےہوئے جلسہ گاہ پہنچیں گے ۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے جلسے متعلق پیغام میں کارکنوں کو ہرصورت جلسہ گاہ پہنچنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری عوام کے سامنے ہے، آج ہر صورت جلسے میں پہنچنا ہے، عوام نے ثابت کرنا ہے کہ اپنی نئی نسلوں کو لٹیروں کے حوالے نہیں کریں گے۔
جلسے کی تیاری کے سلسلے میں پی ٹی آئی کے رہنما سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے جلسہ گاہ کا دورہ کیا، واضح کیا کہ جلسہ میں مہنگائی کے خاتمے، امن وامان کے قیام اور عمران خان سمیت سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا جائے گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر نے انتظامیہ سے درخواست کی این اوسی دیا ہے تو آخری وقت میں رکاوٹیں نہ ڈالی جائیں۔
جلسے کے موقع اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر ضلع بھر میں سیکیورٹی ریڈ الرٹ ہے، شہر کے داخلی راستے کنٹینرز رکھ کر بند کردیے گئے ہیں جب کہ ریڈ زون آنے اور جانے والے تمام راستوں پر کنٹینر رکھے گئے ہیں۔
ریڈ زون میں داخلے کے لیے متعلقہ افراد کو مارگلہ روڈ کے راستے سے جانےکی اجازت ہوگی، جلسے سے قبل سنگجانی کے مقام پر کنٹینر رکھ کر جی ٹی روڈ کو دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا جب کہ موٹر وے 26 نمبر چونگی پر اسلام آباد کے داخلی راستے بند کر دیے گئے۔
سکیورٹی ریڈ الرٹ ہے اور امن وعامہ کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے مختلف مقامات پر کنٹینرز پہنچا دیے گئے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے لاہور سے تعلق رکھنے والے کارکن ممکنہ گرفتاریوں سے بچنے کے لیے ایک دن پہلے ہی روپوش ہوگئے، ذرائع کے مطابق زیادہ تر رہنما اور کارکن پہلے ہی اسلام آباد پہنچ گئے۔
شہر میں جلسے کے موقع پر سنگجانی پولیس کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ تمام ہوٹل، گیسٹ ہاؤس اور کیٹرنگ دو دن کے لئے بند رہیں گے۔
سنگجانی پولیس نے ہوٹل گیسٹ ہاؤس اور کیٹرنگ والوں کے لیے سخت ہدایات جاری کر دی، تمام ہوٹل گیسٹ ہاوس اور کیٹرنگ سروسز دو دن کے لئے بند رہیں گی۔
پولیس نے کہا کہ کسی بھی صورت کیٹرنگ سامان، رہائش یا کھانا نہیں دیا جائے گا۔سنگجانی پولیس کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ ہدایات پر عمل درآمد نہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔