پاکستان
بحیرہ عرب میں 48 سال بعد سمندری طوفان, پانچواں الرٹ جاری

بحیرہ عرب میں 48 سال بعد اگست کے مہینے میں سمندری طوفان بن گیا جس کے زیر اثر کراچی، ٹھٹہ، حیدر آباد، بدین اور عمر کوٹ سمیت سندھ کے دیگر اضلاع میں 31 اگست تک وقفے وقفے سے تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
بحیرہ عرب میں سمندری طوفان بننے پر محکمہ موسمیات نے پانچواں الرٹ جاری کردیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان بحیرہ عرب کے شمال مشرق میں موجود ہے اور 6 گھنٹوں کے دوران سمندری طوفان مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایاکہ طوفان کراچی کے جنوب سے 120کلومیٹر، ٹھٹہ کے جنوب مغرب سے 180 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے جبکہ عمان کے جنوب مشرق سے طوفان 250 کلومیٹر اور گوادر کے مشرق اور جنوب مشرق سے طوفان 440 کلومیٹر دور ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان مغرب اور شمال مغرب کی جانب حرکت کر رہا ہے۔







