پاکستان

’بِل بِل پاکستان‘ گانے والے عون علی کے اغوا کا مقدمہ درج

لاہور پولیس نے گزشتہ چند روز سے لاپتا معروف یوٹیوبر عون علی کھوسہ کے اغوا کا مقدمہ درج کر لیا۔

لاہور کے تھانہ اچھرہ میں اغوا کا مقدمہ عون کھوسہ کی اہلیہ بینش اقبال کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

درج کی گئی فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) کے متن کے مطابق 15 اگست رات 2 بجے نامعلوم افراد گھر میں داخل ہوئے اور عون کھوسہ کو اغوا کر کے لے گئے، نامعلوم افراد، لیپ ٹاپ، کمپیوٹر اور کیمرہ بھی ساتھ لے گئے۔

ایف آئی آر میں بینش اقبال نے کہا کہ شوہر کو جلد از جلد بازیاب کرایا جائے۔

دو روز قبل لاہور ہائی کورٹ نے کیپیٹل سٹی پولیس افسر (سی سی پی او) کو 20 اگست تک یوٹیوبر عون علی کھوسہ کو باز یاب کرواکر عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

جسٹس شہباز رضوی نے عون علی کھوسہ کی اہلیہ بینش کی درخواست پر سماعت کی تھی، درخواستگزار کی جانب سے وکلا میاں علی اشفاق اور خدیجہ صدیقی عدالت میں پیش ہوئے تھے۔

عون علی کھوسہ کی اہلیہ نے 15 اگست کو ان کی بازیابی کی درخواست دائر تھی، انہوں نے مؤقف اپنایا تھا کہ عون علی ڈیجٹیل کانٹینٹ کریٹیر ہیں اور ان کو نامعلوم افراد نے گھر سے اغوا کیا۔

درخواستگزار نے استدعا کی تھی کہ عدالت عون علی کھوسہ کی بازیابی کا حکم دے۔

یاد رہے کہ

حال ہی میں عون کھوسہ نے پاکستان میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی پر ایک طنزیہ گانا گایا تھا جس میں مشہور ملی نغمے ’دل دل پاکستان‘ کو ’بِل بِل پاکستان‘ سے بدل کر حکومت پر تنقید کی گئی تھی۔

پاکستان میں بجلی کے مسئلے اور معاشی بحران پر مبنی گانے کی ویڈیو یوٹیوب پر شائع کی گئی تھی جس کے بعد کئی لوگوں نے اسے ٹک ٹاک سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کیا تھا۔

گانے کی ریلیز کے بعد عون کے اہلخانہ کے مطابق انھیں لاہور سے چند نامعلوم افراد نے اغوا کر لیا جس کے بعد یوٹیوب سے اس ویڈیو کو بھی حذف کر دیا گیا۔

جواب دیں

Back to top button