Editorial

بجلی سستی ہونے سے متعلق خوشخبری

پچھلے کچھ سال سے ملک عزیز میں بجلی کی قیمتوں میں تسلسل کے ساتھ اضافے ہوتے رہے۔ اس وقت بجلی کے نرخ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچے ہوئے ہیں۔ خطے میں سب سے زیادہ مہنگی بجلی پاکستان کے عوام استعمال کرنے پر مجبور ہیں اور وہ بھی اُنہیں تسلسل کے ساتھ دستیاب نہیں ہوتی۔ چین، بھارت، بنگلہ دیش، مالدیپ، نیپال وغیرہ میں بجلی کے نرخ انتہائی ارزاں ہیں اور ان ملکوں کے عوام کو اس سہولت کے بدلے اپنی آمدن کا بہت معمولی حصّہ صَرف کرنا پڑتا ہے جب کہ وطن عزیز میں بجلی کے بلوں کی مد میں غریب عوام کو اپنی پوری آمدنی جھونک دینی پڑتی ہے، بعض واقعات میں تو جمع پونجی تک بجلی بلوں کی نذر ہوجاتی ہے۔ بجلی قیمت بہت زیادہ ہونے کی وجوہ کا پتا لگانے کے ساتھ ان کا سدباب کیے بغیر صورت حال ہرگز بہتر نہیں بنائی جاسکتی۔ موجودہ حکومت عوام کا درد اپنے دل میں محسوس کرتی ہے۔ اُس نے 6ماہ کے مختصر عرصے میں پچھلے 6سال کے دوران پہلی بار عوام کی اشک شوئی کے حقیقی بندوبست کیے۔ گرانی کی سطح میں زیادہ نہ سہی، لیکن کمی ضرور لائی۔ ملک میں عظیم سرمایہ کاریاں لانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے۔ 200یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کو تین ماہ تک کے لیے بجلی بلوں میں ریلیف فراہم کیا۔ حکومت ملک و قوم کی ترقی اور خوش حالی کے لیے مصروفِ عمل ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف دن رات محنت اور کاوشیں کر رہے ہیں۔ اس وقت عوام بجلی بلوں سے خاصے تنگ آئے ہوئے ہیں۔ کاروباری افراد بھی اس امر سے پریشان ہیں اور اپنے آپریشنز محدود کرنے پر مجبور ہیں۔ بے شمار لوگوں کے سروں پر بے روزگاری کی تلوار بجلی قیمت ہولناک سطح پر پہنچنے کی وجہ سے لٹک رہی ہے۔ حکومت بجلی قیمت میں کمی کے حوالے سے خاصی پُرامید ہے اور اس ضمن میں عوام کو بڑا ریلیف دینے کے لیے کوشاں ہے۔ اس امر کا اظہار گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے بھی کیا ہے۔ شہباز شریف نے چند دن میں بجلی کی قیمتوں میں کمی کی نوید سناتے ہوئے کہا کہ بجلی کی قیمتیں کم کیے بغیر پاکستان کی صنعت ترقی نہیں کر سکتی۔ 77سال کے دوران بحیثیت قوم ہمارا سفر قابل رشک نہ ہوسکا جو افسوس ناک ہے۔ ہمیں ماضی کو بھول کر مستقبل کیلئے منصوبہ بندی کرنا ہوگی، مہنگائی اور بجلی قیمتوں میں کمی اور ملک کی معاشی ترقی کیلئے اپنا خون پسینہ بہادوں گا، نوجوان فسادی اور انتشاری قوتوں کے آلہ کار نہ بنیں، ملک دشمنوں کی ڈیجیٹل دہشت گردی کا سچائی سے مقابلہ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم آزادی کی مناسبت سے منعقدہ خصوصی تقریب سی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ارشد ندیم قوم کے ہیرو ہیں، انہوں نے سونے کا تمغہ جیت کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔ انہوں نے کہا کہ سب کو یوم آزادی مبارک ہو، اللہ تعالیٰ نے ہم کو آزادی کی نعمت عطا فرمائی، قائداعظم محمد علی جناحؒ کی قیادت میں ہمارے اسلاف نے قربانیاں دے کر یہ ملک حاصل کیا، ان قائدین، غازیوں اور شہدا کو سلام عقیدت پیش کرتا ہوں، جنہوں نے وہ کام کر دکھایا جس نے ناصرف خطے کی تاریخ بلکہ جغرافیہ بھی تبدیل کر دیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان 14اگست 1947ء کو معرض وجود میں آیا، ملک کے بیٹوں نے قوم کو سنوارا، پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، کوئی دشمن ملک کو میلی آنکھ سے دیکھ نہیں سکے گا، 77سال سے جدوجہد کی داستان ہے، پاکستان اسی طرح قائم و دائم رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آج فیصلہ کرنا ہوگا کہ قرضوں اور کشکول والی زندگی گزارنی ہے یا قائداعظم محمد علی جناحؒ اور علامہ محمد اقبالؒ کے فرمودات والی زندگی گزارنی ہے، جس کے لیے پاکستان معرض وجود میں آیا اور جس کے لیے لاکھوں مائوں، بہنوں اور نوجوانوں نے اپنے خون کی قربانی دی، ہمیں ان شہیدوں کی توقیر کیلئے اب تک جو کچھ ہوتا رہا اس کو دفن کر کے آگے بڑھنا ہوگا اور محنت اور دیانت پر عمل کرنا ہوگا، امیر اور غریب کا الگ الگ پاکستان نہیں ہونا چاہیے، 5سالہ معاشی پروگرام کا جلد اعلان کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنا محاسبہ کرنا ہوگا، صرف شعلہ بیانی نہیں عملی اقدامات سے قوموں کی تقدیر بدلتی ہے، ہمیں ماضی سے سبق حاصل کر کے منصوبہ بندی کرنا ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ بجلی کے بلوں میں کمی کے بغیر ملک کی صنعت و زراعت اور برآمدات میں اضافہ نہیں ہو سکتا حکومت اس پر کام کر رہی ہے اور چند دن میں اس کے نتائج آئیں گے، بجلی کی قیمتوں کے حوالے سے خوشخبری ملے گی، اس کے بغیر ملکی معیشت آگے نہیں بڑھ سکتی۔ انہوں نے کہا کہ شبانہ روز محنت سے کامیابی ملتی ہے، خون کے آخری قطرے تک مہنگائی، بجلی کی قیمتوں میں کمی اور ملک کی معاشی ترقی کیلئے کام کروں گا۔ وزیراعظم میاں شہباز شریف نے جشن آزادی کے موقع پر اپنے دلی جذبات کی ترجمانی کی اور ملک و قوم کو لاحق مصائب کے حل کے حوالے سے درست علاج تجویز کیا۔ شہباز شریف کا فرمانا بالکل بجا ہے، عملی اقدامات سے تقدیر بدلتی ہے۔ ماضی سے سبق سیکھ کر منصوبہ بندی ناگزیر ہے۔ وزیراعظم کی جانب سے بجلی سستی ہونے سے متعلق خوش خبری یقیناً قابل تحسین ہے۔ حکومت یقیناً بجلی قیمتوں میں کمی کرکے عوام کو بڑا ریلیف فراہم کرے گی۔ اس حوالے سے حکومتی کاوشیں کسی سے پوشیدہ نہیں۔ مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف بھی مہنگے بجلی بلوں کو غریب عوام کے لیے ناقابلِ برداشت قرار دے چکے ہیں۔ ایسے اقدامات کیے جائیں کہ ملک میں وافر اور سستی بجلی تمام عوام کو میسر ہو۔ اس کے لیے بجلی نظام میں ہنگامی بنیادوں پر اصلاحات کی جانب قدم بڑھائے جائیں۔ یقیناً درست سمت میں اُٹھائے گئے قدم مثبت نتائج کے حامل ثابت ہوں گے۔
جنوبی وزیرستان: 4جوان
شہید، 6خوارج ہلاک
وطن عزیز پچھلے ڈھائی سال سے دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے۔ شرپسند عناصر مسلسل سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بناتے چلے آرہے ہیں۔ دو صوبوں میں حالات میں ازحد بگاڑنے کے درپے ہیں۔ اُن کی جانب سے سیکیورٹی چیک پوسٹوں پر حملے کیے جارہے ہیں، سیکیورٹی قافلوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے، اہم فوجی تنصیبات پر حملے کیے جارہے ہیں، ان مذموم کارروائیوں میں کئی جوان و افسران جام شہادت نوش کرچکے ہیں۔ دہشت گردی کے عفریت کا سر کُچلنے کے لیے ملک بھر میں سیکیورٹی فورسز کے ڈھیروں آپریشنز جاری ہیں، جن میں بڑی کامیابیاں نصیب ہورہی ہیں، متعدد دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا جاچکا، گرفتاریاں عمل میں لائی جاچکی، بہت سے علاقے ان کے ناپاک وجود سے پاک کیے جاچکے ہیں۔ پاکستان پہلے بھی دہشت گردی کے ناسور کو اُکھاڑ کر پھینک چکا ہے، ملک عزیز کے دہشت گردی کے خلاف کردار کی تعریف بدترین مخالفین بھی کرتے ہیں۔ اس بار بھی جلد اس کا مکمل خاتمہ کرنے میں سرخرو ہوگا۔ گزشتہ روز بھی جنوبی وزیرستان میں 6خوارجیوں کو جہنم واصل کردیا گیا، دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے دوران 4جوانوں نے جام شہادت بھی نوش کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور خوارج ( دہشت گردوں) کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 6خوارج ہلاک ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق فائرنگ کا تبادلہ 12اور 13اگست کی درمیانی شب ہوا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 4بہادر جوان شہید ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق حوالدار نثار حسین اور نائیک رشید گل نے فائرنگ کے تبادلے میں جام شہادت نوش کیا، نائیک عرفان اللہ خان اور سپاہی عثمان رفاقت بھی فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہوئے۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ چار جوانوں کی شہادت پر پوری قوم ان کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ محب وطن عوام ان کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرسکیں گے۔ شہدا ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔ یہ شہدا ہمارا فخر ہیں، یہ اور ان کے اہل خانہ ہر لحاظ سے لائق عزت و احترام ہیں۔ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز مصروفِ عمل ہیں۔ اس لعنت کو جلد جڑ سے اُکھاڑ پھینکا جائے گا۔ امن و امان کی صورت حال پھر سے بحال ہوگی۔ دہشت گردوں اور خوارجیوں کے مکمل قلع قمع کے لیے آپریشنز میں مزید تیزی لانے کی ضرورت ہے۔

جواب دیں

Back to top button