ملک کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار، کئی علاقے زیر آب
ملک کے مختلف علاقوں میں بارش نے کہیں موسم خوشگوار کردیا تو کہیں نشیبی علاقے زیرآب آنے سے شہری مسائل کا شکار ہوگئے۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، آئی آئی چندریگر روڈ، سرجانی، ناظم آباد اور گلشن اقبال میں بادل برس پڑے۔
اس کے علاوہ ڈیفنس، لائنز ایریا، عائشہ منز، واٹر پمپ، نمائش میں بھی یلکی بارش سے جل تھل ایک ہوگیا۔
تاہم بیشتر سڑکوں پر پانی جمع ہونے اور ٹوٹی ہوئی سڑکوں کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آج بارش اور بوندا باندی جاری رہے گی، اس وقت شہر کا درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ 32 سینٹی گریڈ محسوس کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے، شہرِ قائد میں مغرب کی سمت سے 19 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 94 فیصد ہے۔
دوسری جانب لاہور کے مختلف علاقوں میں علی الصبح ہونے والی موسلادھار بارش اور ٹھنڈی ہواؤں سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔
لکشمی چوک، ایبٹ روڈ، شملہ پہاڑی اور مال روڈ کے اطراف میں شدید بارش ہوئی جبکہ گلبرگ، کلمہ چوک، جیل روڈ، فیروزپور روڈ پر بھی جم کر بادل برسے۔
اس کے علاوہ قرطبہ چوک، چوبرجی، اسلامپورہ، بند روڈ، گلشن راوی، سمن آباد، مغلپورہ، تاج پورہ، فرخ آباد، چوک ناخدا میں بھی شدید بارش ہوئی جس سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔
بارش کی وجہ سے متعدد علاقوں میں بجلی سپلائی معطل ہوگئی، پی ڈی ایم اے نے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارشوں کے پیش نظر صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے، ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بڑے شہروں کی انتظامیہ اربن فلڈنگ کے خدشے کے پیش نظر ہائی الرٹ رہے۔
اسلام آباد میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی، جہلم سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی کالی گھٹائیں جم کر برسیں۔