نو مئی مقدمات: پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ سینٹرل جیل گوجرانوالہ سے رہا
گذشتہ سال نو مئی کو ہونے والے مظاہروں سے متعلق مقدمات میں گرفتار پاکستان تحریک انصاف کی رہنما عالیہ حمزہ کو سینٹرل جیل گوجرانوالہ سے رہا کر دیا گیا ہے۔
گوجرانوالہ کی مقامی عدالت کے ایک جج نے 31 جولائی کو عالیہ حمزہ کی ضمانت منظور کی تھی۔
خیال رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے عالیہ حمزہ کو 29 اگست تک کسی بھی نئے مقدمے میں گرفتار کرنے سے روکا ہوا ہے۔ عدالت نے حکم دیا تھا کہ کوئی بھی ایجنسی عالیہ حمزہ کو ہائی کورٹ کی اجازت کے بغیر گرفتار نہیں کرے گی۔
یاد رہے کہ گذشتہ برس نو مئی کو عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ سے گرفتاری کے بعد ملک بھر میں مظاہرے ہوئے تھے جس میں فوجی، سول اور نجی املاک کو نذر آتش کرنے کے علاوہ سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا۔
اس کے بعد ملک بھر میں مبینہ طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ جھڑپوں، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جبکہ عمران خان اور ان کی پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔
ان مقدمات میں عالیہ حمزہ، یاسمین راشد، خدیجہ شاہ اور صنم جاوید سمیت متعدد خواتین پارٹی ورکرز کو بھی حراست میں لیا گیا تھا۔