عمران خان کا 9 مئی کے واقعات پر مشروط معافی مانگنے کا اعلان
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے 9 مئی 2023 کے واقعات پر مشروط معافی مانگنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس دن کے واقعات کی سی سی ٹی وی فوٹیجز سامنے لائی جائیں، ثابت ہوا کہ میری پارٹی کا ایک بندہ بھی جلاؤ گھیراؤ میں ملوث ہے تو معافی مانگ لوں گا۔
اڈیالہ جیل راولپنڈی میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے وہ 9 مئی سے متعلق معافی کے حوالے سے اپنے مؤقف پر قائم ہیں، ہم بھی 9 مئی کو معاف نہیں کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہا 9 مئی کے متاثرین ہم ہیں، ہمیں انصاف چاہیے، 9 مئی سے ڈرتا تو جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ نہ کرتا، کیا صرف آئی ایس پی آر کی عزت ہے اور ایک پارٹی کے سربراہ کی کوئی عزت نہیں ہے، میرے اغوا پر مجھ سے معافی مانگی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں تب معافی مانگوں گا جب 9 مئی کے واقعات کی سی سی ٹی وی فوٹیجز سامنے لائی جائیں گی، سی سی ٹی وی فوٹیج میں ثابت ہوا کہ میری پارٹی کا ایک بندہ بھی جلاؤ گھیراؤ میں ملوث ہے، اسے پارٹی سے نکال دوں گا اور معافی مانگ لوں گا۔
عمران خان نے کہا کہ ثبوت آپ کے پاس پڑے ہیں، آپ انہیں کیوں چھپا رہے ہیں، ثبوت چھپانا جرم ہے، پرامن احتجاج ہمارا حق ہے۔