ماسکو نے تہران کو فضائی دفاعی نظام فراہم کر دیا
حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کے قتل پر تہران اور تل ابیب کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ اسی دوران روس اپنے اتحادی ایران کو ہتھیاروں کی سپلائی بڑھانے کے لیے کام کر رہا ہے اور اسے جدید ترین روسی ہتھیار فراہم کرنے کی طرف بڑھ رہا ہے۔
منگل کو نیویارک ٹائمز کے مطابق ایرانی حکام نے بتایا ہے کہ تہران نے ماسکو سے جدید فضائی دفاعی نظام کی درخواست کی تھی۔ روس نے ہمیں ریڈار اور فضائی دفاعی سازوسامان فراہم کرنا شروع کر دیا ہے۔ اسرائیلی اخبار ” معاریف “ نے رپورٹ کیا ہے کہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران کئی روسی ” 76-II “ طرز کے ملٹری ٹرانسپورٹ طیارے تہران اترے ہیں
قبل ازیں پیر کو روسی سلامتی کونسل کے سکیرٹری سرگئی شوئیگو سینئر ایرانی حکام سے بات چیت کے لیے تہران پہنچے تھے۔ یہ دورہ ایران کے دارالحکومت تہران میں چند روز قبل حماس کے پولیٹیکل بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کے قتل کے تناظر میں اہم سمجھا جارہا ہے۔
اسرائیل نے باضابطہ طور پر ہنیہ کے قتل کی ذمہ داری قبول نہیں کی تاہم ایرانی ردعمل کی توقع میں اس نے اپنی افواج اور اہم تنصیبات پر سکیورٹی کو الرٹ کردیا ہے۔ توقعات بڑھ گئی ہیں کہ ایران ہنیہ کے قتل کے جواب میں آنے والے دنوں میں اسرائیل کے خلاف جوابی حملے کرے گا۔