پاکستان

صیہونی فوج اور فلسطینی مجاہدین کے درمیان شدید جھڑپیں، دشمن کے 3 ٹینک اور 2 بکتربند گاڑیاں تباہ

غزہ پٹی میں صیہونی فوج اور فلسطینی استقامت کے جوانوں کے درمیان جھڑپوں میں تین ٹینکوں اور دو بکتربند گاڑیوں کے تباہ ہونے کی خبر ہے۔

صیہونی حکومت کے میڈیا ذرائع نے منگل کو اعلان کیا کہ استقامتی جوانوں نے مشرقی شہر رفح میں آر پی جی سے صیہونی فوجیوں کو نشانہ بنایا، اس واقعے کے بعد مقبوضہ فلسطین اور غزہ پٹی کی سرحد پر واقع کرم ابوسالم گذرگاہ بند ہوگئی ۔

دریں اثنا تحریک حماس کے فوجی بازو القسام بریگیڈ نے منگل کو ایک بیان میں کہا ہے کہ اس تحریک کے جوانوں نے صیہونی فوج کے ایک ٹینک کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ ایک تباہ شدہ بکتر بند گاڑی کو کھینچ رہا تھا۔ القسام بریگيڈ نے ایک اور بیان میں دو بکتر بند گاڑیوں اور دو مرکاوا ٹینکوں کو الیاسین ایک سو پانچ میزائل اور بموں سے تباہ کردینے کی خبر دی ہے۔

اس بیان کے مطابق ان حملوں میں زخمی ہونے والے صیہونی فوجیوں کو منتقل کرنے کے لئے صیہونی حکومت نے فوجی ہیلی کاپٹروں کا استعمال کیا۔

دریں اثنا فلسطینی وزارت صحت نے تازہ ترین اعداد و شمار میں بتایا ہے کہ غاصب صیہونی فوجیوں نے گذشتہ چوبیس گھنٹوں ميں غزہ کے عوام کے خلاف قتل عام کی تین کارروائیاں انجام دیں جن کے نتیجے میں تیس افراد شہید اور چھیاسٹھ زخمی ہوئے۔ اس رپورٹ کے مطابق سات اکتوبر کے بعد سے اب تک فلسطینی شہداء کی تعداد انتالیس ہزار چھے سو ترپن اور زخمیوں کی تعداد اکانوے ہزار پانچ سو پینتیس تک پہنچ گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button