دنیا

اسمٰعیل ہنیہ کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، ایرانی وزارت خارجہ

ایرانی وزارت خارجہ نے تہران میں حماس کے سربراہ اسمعیل ہنیہ کی شہادت پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسمٰعیل ہنیہ کا خون کبھی رائیگاں نہیں جائے گا۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق تہران میں حماس کے رہنما کے قتل کے بعد ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنانی نے بتایا کہ تہران میں اسمعیل ہنیہ کی شہادت تہران، فلسطین اور مزاحمت کے درمیان گہرے اور اٹوٹ بندھن کو مضبوط کرے گی۔

یاد رہے کہ آج فلسطین کے سابق وزیراعظم اور حماس کے سربراہ اسمٰعیل ہنیہ کو ایران میں قاتلانہ حملے میں شہید کردیا گیا، حماس نے ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اسمٰعیل ہنیہ کو یہودی ایجنٹوں نے نشانہ بنایا جس کا بدلہ لیا جائے گا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق حماس کے سربراہ اسمٰعیل ہنیہ پر تہران میں ان کی رہائش گاہ پر حملہ کیا گیا، وہ ایران کے نئے صدر مسعود پزشکیان کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے ایران میں موجود تھے۔

مسعود پزشکیان کی حلف برداری کی تقریب میں 70 سے زائد ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی تھی۔ تاجکستان کے صدر امام علی رحمٰن اور حماس کے رہنما اسمٰعیل ہنیہ اور اسلامی جہاد کے زیاد النخلیح بھی تقریب میں شریک تھے۔

جواب دیں

Back to top button