پاکستان

قلات میں ایف سی کے دو اہلکار ہلاک: ’حملہ آوروں کی یرغمال بنانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی‘

بلوچستان کے وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو کا کہنا ہے کہ ضلع قلات کے علاقے اسکلکو میں سکیورٹی فورسز پر حملے میں ایف سی کے دو جوان ہلاک ہوئے ہیں۔

انھوں نے فون پر بی بی سی اردو کو بتایا کہ حملہ آوروں کا مقصد ایف سی کے اہلکاروں کو یرغمال بنانا تھا تاہم اسے ناکام بنا دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ کالعدم عسکریت پسند گروہ بلوچ لبریشن آرمی نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

میر ضیا اللہ لانگو نے بتایا کہ پہلے ایک حملہ ضلع قلات کے علاقے خالق آباد میں بھی سکیورٹی فورسز کے کیمپ پر کیا گیا تھا۔ اس کے بعد قریب 40 سے 50 حملہ آوروں نے دوسرا حملہ اسکلکو میں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس علاقے میں پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) نے گیس ایکسپلوریشن کا کام کیا تھا اور دو سال قبل پی پی ایل کے لوگ اس علاقے سے چلے گئے تھے۔

انھوں نے بتایا کہ اس علاقے کی سکیورٹی کے لیے ایف سی کی دو پوسٹیں تھیں جن میں 20 کے قریب اہلکار تعینات تھے۔

اہلکاروں کو ’یرغمال بنانے کی کوشش‘

بلوچستان کے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں نے گذشتہ شب اس علاقے میں حملہ کیا تاکہ ان اہلکاروں کو یرغمال بنا کر لے جائیں۔

ان کے مطابق وہ گذشتہ رات سے ہی صورتحال مانیٹر کر رہے ہیں جس دوران قلات کی پولیس اور لیویز فورس کو علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف متحرک کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایف سی، پولیس اور لیویز فورس کے اہلکاروں نے بہادری سے حملہ آوروں کا مقابلہ کر کے 18 اہلکاروں کو یرغمال بنانے کی کوشش ناکام بنائی۔

اسکلکو قلات شہر کے مشرق میں اندازاً 13 سے 14 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ یہ ضلع قلات میں سب سے ٹھنڈے علاقے ہربوئی کا حصہ ہے۔

علاقے میں پی پی ایل نے گیس ایکسپلوریشن کا کام کیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں گیس کے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔

جواب دیں

Back to top button