عدت میں نکاح کیس: ’یہ تو مانیں فراڈ عمران خان کیساتھ ہوا ہے‘، جج کے جملے پر عدالت میں قہقہے

بانیٔ پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے بتایا کہ 14، 14 گھنٹے 2 روز کھڑے رہے، ٹرائل کورٹ نے کہا کہ آج ہی سب کریں، گواہ، دلائل، سب آج کریں، فیصلہ سنانا ہے، رات 12 بجے تک اڈیالہ جیل میں کھڑے رہے، ٹرائل کورٹ کا اعلانِ جنگ تھا کہ 3 فروری کو ہی فیصلہ سنانا ہے، آپ نے کبھی کسی وکیل کو کہا ہے کہ رات 11 بجے دلائل دیں؟ خاور مانیکا نے کہا کہ بشریٰ بی بی دنیا کی سب سے شریف خاتون ہیں، خاور مانیکا نے کہا کہ جب بانیٔ پی ٹی آئی کا زندگی میں عمل دخل نہیں تھا تب تک وہ شریف تھیں، خاور مانیکا نے انٹرویو میں بانیٔ پی ٹی آئی کو دعائیں دیں اور کہا کہ روحانی تعلق تھا، شکایت دائر کرنے سے قبل خاور مانیکا 5 سال 11 ماہ خاموش رہے، خاور مانیکا کو گرفتار کیا گیا، 4 ماہ جیل میں رہے، خاور مانیکا 14 نومبر کو جیل سے باہر آئے، 25 نومبر کو شکایت دائر کی، جو لوگ چِلّے پر جاتے ہیں ہمیں معلوم ہے ان کے ساتھ کیا ہوتا ہے۔
جج افضل مجوکا نے کہا کہ عدالت نے نوٹ کر لیا کہ پریشر کے تحت، تاخیر سے شکایت دائر کی گئی۔
بانیٔ پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ مفتی سعید کا جھوٹ عدالت کے سامنے لانا چاہتا ہوں، مفتی سعید کے لیے میرے پاس جھوٹ کے لیے اور کوئی شائستہ لفظ نہیں، خاور مانیکا سے قبل، ہوا میں کہیں نمودار ہونے والے حنیف نامی شہری نے شکایت دائر کی، محمد حنیف کی شکایت میں وہی گواہان تھے جو خاور مانیکا کی شکایت میں تھے، عون چوہدری شکایات کے کرتا دھرتا ہیں، تمام گواہان کو عون چوہدری جمع کرتے، میرا دل نہیں مانتا کہ میں مفتی سعید کو عالم کہوں، کوئی سوچ سکتا ہے کہ عدالت میں کھڑے ہو کر جھوٹ بولا جا سکتا ہے، مفتی سعید نے کہا کہ دوسرے نکاح میں معلوم نہیں کون کون گواہان تھے، عون چوہدری کی موجودگی میں مفتی سعید نے کہا کہ معلوم نہیں کون گواہ تھا، مفتی سعید بھروسے کے لائق نہیں، عون چوہدری کو استحکام نامی پارٹی سے بدلے میں ٹکٹ سے نوازا گیا۔
اس موقع پر وکیل سلمان اکرم راجہ نے خاور مانیکا کے ملازم اور گواہ محمد لطیف کا بیان عدالت میں پڑھا۔
جج افضل مجوکا نے سوال کیا کہ خاور مانیکا کو کب معلوم ہوا کہ بشریٰ بی بی اور بانیٔ پی ٹی آئی کا نکاح ہوا؟
خاور مانیکا کے وکیل زاہد آصف نے جواب دیا کہ میں خاور مانیکا سے پوچھ کر عدالت کو آگاہ کر دوں گا۔
بانیٔ پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی پر تو کوئی الزام بھی نہیں ہے۔
یہ تو مانیں فراڈ عمران خان کے ساتھ ہوا ہے: جج
جج افضل مجوکا نے کہا کہ یہ تو مانیں فراڈ عمران خان کے ساتھ ہوا ہے۔
جج افضل مجوکا کے اس جملے پر عدالت میں قہقہے گونجنے لگے۔
جج افضل مجوکا نے کہا کہ 27 جون سے قبل فیصلہ کرنا ہے، اگر کوئی فریق حاضر نہ ہوا تو فیصلہ پھر بھی کروں گا۔
سماعت ملتوی
اس کے ساتھ ہی عدالت نے عدت میں نکاح کیس میں دائر سزا معطلی کی درخواست پر سماعت 25 جون تک ملتوی کر دی۔







