شاعر احمد فرہاد کی دو مقدمات میں ضمانت منظور
کشمیر کی مقامی عدالت نے شاعر احمد فرہاد کی دو مقدمات میں ضمانت منظور کرتے ہوئے انھیں رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔
احمد فرہاد کی وکیل ایمان مزاری کے مطابق احمد فرہاد کے خلاف دو مقدمات درج تھے جن میں سے ایک قابل ضمانت تھا جبکہ دوسرا کیس انسداد دہشت گردی کی عدالت میں تھا اور ان دونوں کیسز میں ان کی ضمانت ہو گئی ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر سے تعلق رکھنے والے شاعر احمد فرہاد 15 مئی کو اسلام آباد سے لاپتہ ہوئے تھے۔
اُن کی اہلیہ عین نقوی نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ ان کے شوہر کو گذشتہ دو سال سے ’سنگین نتائج کی دھمکیاں‘ مل رہی تھیں۔ انھوں نے یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ اُن کے شوہر کو کہا جا رہا تھا کہ وہ اسٹیبلشمنٹ کے مفادات کے خلاف لکھنا چھوڑ دیں، ورنہ ان کے حق میں بہتر نہیں ہو گا۔
حکومت پاکستان کی جانب سے عدالت کو فراہم کی جانے والی تفصیلات کے مطابق احمد فرہاد کو ابتدائی طور پر دھیر کوٹ پولیس نے 29 مئی کو ہی درج ہونے والے ایک مقدمے میں کارِ سرکار میں مداخلت کے الزامات کے تحت گرفتار کیا تھا تاہم بعدازاں انھیں مظفر آباد میں اقدامِ قتل اور انسداد دہشت گردی دفعات کے تحت درج ایک اور مقدمے میں گرفتار کر لیا گیا