اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کی طرف سے تشکیل دیے گئے الیکشن ٹربیونل کو آئندہ سماعت تک کارروائی سے روک دیا
اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کی طرف سے تشکیل دیے گئے الیکشن ٹربیونل کو آئندہ سماعت تک کارروائی سے روک دیا ہے۔ عدالت نے اٹارنی جنرل کو آئندہ سماعت پر عدالت کی معاونت کے لیے طلب کرلیا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاوروق نے الیکشن ایکٹ ترمیمی آرڈیننس سے متعلق درخواست کی سماعت کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ان کی مشاورت سے جسٹس طارق محمود جہانگیری کو الیکشن ٹربیونل کا جج مقرر کیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ جج سے متعلق توہین امیز زبان استعمال کی گئی اور اپنے فائدے کے لیے ایک جج پر اقربا پروری کے الزام عائد کیے جارہے ہیں۔
چیف جسٹس نے اسلام آباد سے منتخب ہونے والے کسی بھی رکن اسمبلی کا نام لیے بغیر کہا کہ جو مقاصد حاصل کرنا چا رہے ہیں ایسا وہ ہونے نہیں دیں گے۔ عدالت نے اس درخواست کی سماعت 24 جون تک ملتوی کردی۔
تاہم منگل کے روز جب اس معاملے پر سماعت کا آغاز ہوا تو اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے الیکشن کمیشن پر الیکشن ٹریبیونل تبدیل کرنے کے معاملے پراظہارِ برہمی کرتے ہوئے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن نے کس گراونڈ پر ٹریبیونل تبدیل کر دیا؟
جس پر الیکشن کمیشن کے وکیل نے عدالت کو بتایا تھا کہ یہ ٹربیونل اس لیے تبدیل کیا گیا کیونکہ پروسیجر پر عملدرآمد نہیں کیا گیا جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ کس نے پروسیجر پر عملدرآمد نہیں کیا؟
الیکشن کمیشن کے وکیل کا کہنا تھا کہ ٹریبیونل نے پروسیجر فالو نہیں کیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے الیکشن کمیشن کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ ٹرانسفرز کی نئی جیورس پروڈنس بنا رہے ہیں؟
منگل کو الیکشن ایکٹ میں ترمیمی ارڈیننس کے خلاف دائر کی گئی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ایک لمحے کے لیے مان لیتے ہیں کہ پہلے سے قائم ٹربیونل کا آرڈر غلط تھا پھر بھی یہ ٹرانسفر کا گراؤنڈ نہیں ہو سکتا۔
عدالت نے الیکشن کمیشن کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ تو ایسا سلسلہ شروع کر رہے ہیں جو کہ نہ ختم ہونے والا ہے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے اسلام آباد سے جتینے والے پاکستان مسلم لیگ نون کے تین امیداوروں کی جانب سے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی سربراہی میں قائم الیکشن ٹربیونل پر عدم اعتماد سے متعلق درخواست کو منظور کرلیا تھا اور لاہور ہائی کورٹ کے سابق جج عبدالشکور پراچہ کی سربراہی میں نیا الیکشن ٹربیونل بنایا ہے اور اسلام آباد کے تین حلقوں کی انتخابی عزرداریاں انھیں منتقل کردی ہیں۔