Editorial

9 مئی کے مجرمان کیخلاف عسکری قیادت کا عزمِ مصمم

دُشمن 76 سال سے زائد عرصے سے پاکستان کو تباہ و برباد کرنے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگاتا چلا آرہا ہے۔ جنگیں مسلط کرکے دیکھ لیں۔ ان کے نتیجے میں بڑے نقصان کے ساتھ جگ ہنسائی اُس کے ہاتھ آئی۔ اپنے جاسوسوں کے ذریعے وطن عزیز میں امن و امان کی صورت حال کو تہہ و بالا کرنے کے درپے رہا، لیکن اس محاذ پر بھی اُس کی بُری طرح سبکی ہوئی اور اس کے ایجنٹ اپنے گناہوں کا اعتراف کرتے دِکھائی دیے۔ پاکستان کے اندر اور باہر موجود اپنے زرخرید غلاموں سے وطن عزیز اور اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کروائی گئی۔ ہائبرڈ وار مسلط کی گئی۔ سوشل میڈیا پر پاکستان اور قومی سلامتی کے ضامن ادارے کے خلاف تمام حدیں پار کرلی گئیں، اس مذموم طریقے اور بے دردی کے ساتھ پروپیگنڈے کو رواج دیا گیا کہ نوجوان نسل کے ذہنوں میں ہولناک زہر گھولا جاسکے۔ پاک افواج سے متعلق ذہنوں کو پراگندہ کرنے کی یہ سازش ہر لحاظ سے قابل مذمت تھی، ہے اور ہمیشہ رہے گی۔ سوشل میڈیا پر پاکستان اور بیرون ملک سے کئی سارے فیک اکائونٹس سے مسلسل منفی پوسٹوں کا رجحان پروان چڑھایا گیا۔ کی بورڈ کے دہشت گردوں نے اس ضمن میں کوئی کسر نہ چھوڑی۔ پچھلے سال 9 مئی کو تو ایک مخصوص ٹولے نے اپنے بیرونی آقائوں کے اشاروں پر وہ کر ڈالا، جو دشمن باوجود ہزارہا کوششوں کے نہ کرسکے تھے۔ 9 مئی کو ملک کی اینٹ سے اینٹ بجاڈالی گئی۔ شہدائے وطن کی یادگاروں کی انتہائی بے دردی کے ساتھ بے حرمتی کی گئی۔ فوجی تنصیبات پر حملی کیے گئے۔ بانی پاکستان سے منسوب جناح ہائوس لاہور کو نذر آتش کرڈالا گیا۔ قائداعظمؒ کی یادگار اشیاء کو تباہ و برباد کردیا گیا۔ بڑے پیمانے پر سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔ ہزاروں سرکاری و نجی گاڑیاں جلاڈالی گئیں۔ پاک افواج کے خلاف مذموم نعروں کو رواج دیا گیا۔ 9مئی قومی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، جسے کبھی فراموش نہیں کیا جاسکے گا اور اس کے ماسٹر مائنڈ اور اس میں ملوث تمام عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، محب وطن عوام ان کے ساتھ سختی سے نمٹنے کا مطالبہ متواتر کرتے چلے آرہے ہیں اور وہ انہیں کیفرِ کردار تک پہنچانے کے متمنی دِکھائی دیتے ہیں۔ عسکری قیادت نے کہا ہے کہ ملکی سلامتی اور استحکام کو درپیش تمام خطرات کو قوم کی مکمل حمایت سے ناکارہ بنادیا جائے گا، سانحہ 9 مئی کے منصوبہ سازوں، مجرموں اور سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنا لازم ہے، ان عناصر کی خلاف کارروائی کے بغیر ملک سازشی عناصر کے ہاتھوں یرغمال رہے گا، پاکستانی قوم جھوٹ اور پروپیگنڈا کرنے والوں کے مذموم اور مکروہ عزائم سے پوری طرح باخبر ہے، پروپیگنڈے کا مقصد قومی اداروں بالخصوص افواج پاکستان اور عوام کے درمیان خلیج ڈالنا ہے، اِن ناپاک قوتوں کے مذموم ارادوں کو مکمل اور یقینی شکست دی جائے گی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ
(آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیرصدارت 83 ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد ہوا۔ کانفرنس میں کور کمانڈرز، پرنسپل اسٹاف افسران اور پاک فوج کے تمام فارمیشن کمانڈرز نے بھی شرکت کی۔ فورم نے شہدا کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور ملک کی حفاظت، سلامتی اور خودمختاری کے لیے مسلح افواج کے افسران و جوانوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاکستانی شہریوں سمیت شہداء کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ فورم کو جیو اسٹرٹیجک حالات، قومی سلامتی کے لیے ابھرتے ہوئے چیلنجز اور ملٹی ڈومین خطرات سے نمٹنے کے لیے پاک فوج کی حکمت عملی کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ شرکا کو پاک فوج کو جدید بنانے اور فیلڈ فارمیشنز کے لیے لاجسٹک سپورٹ کو بہتر بنانے کے لیے نئی تکنیکی تخلیقات کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے افغانستان کی سرحد پار سے مسلسل خلاف ورزیوں اور افغان سرزمین کو استعمال کرتے ہوئے دہشتگردی کی منصوبہ بندی پر سخت تحفظات کا اظہار کیا اور باور کرایا گیا کہ پاکستان کے دشمن پاکستان کے اندر سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کیلئے افغانستان کو استعمال کررہے ہیں۔ فورم نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں نئے ضم شدہ اضلاع کے عوام کی بیش بہا قربانیوں کا اعتراف کیا اور دہشت گردی کو فیصلہ کن شکست دینے کے لیے نئے ضم شدہ اضلاع کی ترقی کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فارمیشن کمانڈرز کانفرنس میں واضح کیا گیا کہ قانون کی عمل داری کو قائم کرنے اور 9مئی کے مجرمان کے خلاف فوری اور شفاف عدالتی اور قانونی کارروائی کے بغیر ملک ایسے سازشی عناصر کے ہاتھوں ہمیشہ یرغمال رہے گا، 9مئی کے منصوبہ سازوں، مجرموں، سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا وسیع ترمفاد میں ہے۔ کانفرنس کے اعلامیے کے مطابق پاکستانی قوم جھوٹ اور پروپیگنڈا کرنے والوں کے مذموم اور مکروہ عزائم سے پوری طرح باخبر ہے، پروپیگنڈے کا مقصد قومی اداروں بالخصوص افواج پاکستان اور عوام کے درمیان خلیج ڈالنا ہے، مقصد جھوٹ اور پروپیگنڈا سے پاکستانی قوم میں مایوسی پیدا کرنا ہے، لیکن اِن ناپاک قوتوں کے مذموم ارادوں کو مکمل اور یقینی شکست دی جائے گی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے کہا کہ پروپیگنڈا کرنے والوں کی پشت پناہی غیر ملکی اسپانسرڈ پراکسیوں کے ذریعے کی جاتی ہے تاکہ بلوچستان کے نوجوانوں کو امن اور ترقی سے دور رکھا جاسکے۔ فارمیشن کمانڈرز کانفرنس نے مشرقی سرحد پر موجود صورت حال اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں معصوم کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کے تازہ ترین واقعات کا جائزہ لیا اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت کے لیے کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد میں مکمل یکجہتی کا اظہار کیا، فورم نے بھارت میں سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے بڑھتے ہوئے فاشزم پر اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے ساتھ انسانیت سوز سلوک پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ فورم نے فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کی مذمت کی۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ فورم کی غزہ پٹی کے اندر رفح آپریشن اور دیگر تمام آپریشنز کو روکنے کیلئے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کی حمایت کی۔ کانفرنس کا اختتام اس عزم کے ساتھ کیا گیا کہ ملکی سلامتی اور استحکام کو درپیش تمام خطرات کو قابل فخر قوم کی مکمل حمایت سے ناکارہ بنا دیا جائے گا۔ عسکری قیادت کا 9مئی کے منصوبہ سازوں، مجرموں، سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا عزم ہر لحاظ سے قابل تحسین ہے۔ ان کو انجام تک پہنچانا ناگزیر ہوچکا ہے۔ یہ عناصر اب بھی اپنی مذموم حرکتوں سے باز نہیں آئے ہیں، جب بھی انہیں موقع ملتا ہے یہ زہر اُگلتے دِکھائی دیتے ہیں۔ وقت آگیا ہے کہ 9 مئی کے ذمے داروں کو کیفرِ کردار تک ہر صورت پہنچایا جائے۔ محب وطن عوام افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہیں اور اپنی قابل فخر فوجوں کو قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
پاک سیٹ ایم ایم ون خلا میں روانہ
ارض پاک دُنیا کا وہ خطہ ہے، جہاں باصلاحیت افراد کی چنداں کمی نہیں۔ دُنیا بھر میں ہمارا ٹیلنٹ اپنے عظیم کارناموں کے باعث سراہا جاتا اور قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ ناسا میں ہمارے کئی عظیم دماغ عرصۂ دراز سے خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ وطن عزیز میں بسنے والے ماہرین وقتاً فوقتاً اپنی ایجادات سے دُنیا کی نظریں خیرہ کرتے رہتے ہیں۔ پاکستان کو دُنیا کی ساتویں اور اسلامی دُنیا کی پہلی ایٹمی قوت ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ یہ اعزاز ہمارے عظیم سائنس دانوں کی مرہون منت ملا ہے۔ گزشتہ ماہ چاند کے لیے پاکستان کا سیٹلائٹ خلائی مشن روانہ ہوا تھا اور کامیابی سے اس کا سفر جاری ہے۔ اب ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے پچھلے روز پاکستان کا دوسرا مواصلاتی سیارہ پاک سیٹ ایم ایم وَن خلا میں روانہ کیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کا دوسرا مواصلاتی سیارہ پاک سیٹ ایم ایم 1خلا میں روانہ کر دیا گیا۔ ترجمان سپارکو کے مطابق سیٹلائٹ چین کے شی چانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے مدار میں بھیجا گیا۔ پانچ ٹن وزنی سیٹلائٹ جدید ترین مواصلاتی آلات سے لیس ہے۔ اس سیٹلائٹ کے ذریعے پاکستان کے طول و عرض میں تیز ترین انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کی جاسکے گی۔ ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ سیٹلائٹ زمین سے 36000کلومیٹر کی اونچائی پر مدار میں داخل کیا جائے گا۔ سیٹلائٹ کو زمین سے مدار تک پہنچنے میں 3سے 4روز لگ سکتے ہیں۔ سیٹلائٹ ای کامرس اور ای گورننس کے علاوہ معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے PakSat MM1کے زمین کے مدار میں بھیجے جانے پر پوری قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی سیٹلائٹ کا خلا میں بھیجا جانا پاکستان اور چین کی مضبوط شراکت داری کا مظہر ہے۔ سیٹلائٹ ناصرف پاکستان کے مواصلاتی نظام میں ایک نئی روح پھونکے گا، بلکہ اس سے پورے ملک میں تیز ترین انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کی جاسکے گی۔ قائم مقام صدر مملکت سید یوسف رضا گیلانی و دیگر نے قوم کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس اہم کامیابی سے ترقی کی نئی منازل طے ہوں گی۔ مواصلاتی سیارے کی خلا میں روانگی یقیناً اہم سنگِ میل ہے۔ انٹرنیٹ آج کے دور کی اہم ترین ضرورت ہے۔ اس سیٹلائٹ سے ملک میں تیز ترین انٹرنیٹ کا حصول ممکن ہوسکے گا۔ ای کامرس کو مزید فروغ ملے گا۔ ملک کامیابی کی شاہراہ پر تیزی سے گامزن ہے۔ ملک کو 60فیصد سے زائد نوجوان آبادی کا ساتھ میسر ہے۔ ان شاء اللہ اگلے وقتوں میں بھی پاکستانی اپنی کامیابیوں کے جھنڈے گاڑنے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔

جواب دیں

Back to top button