پاکستان

عدت کیس: سیشن جج کی فیصلہ سنانے سے معذرت، معاملہ دوسری عدالت کو بھیجنے کی درخواست

سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے عدت میں نکاح کے مقدمے میں سزا کے خلاف اپیلوں پر مقدمے کی سماعت کرنے والے اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت کے جج نے فیصلہ سنانے سے معذرت کرتے ہوئے ہائی کورٹ سے مقدمہ کسی اور عدالت ٹرانسفر کرنے کا خط لکھ دیا ہے۔

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی کی اپیلیں سماعت کے لیے مقرر تھیں جن پر آج فیصلہ سنایا جانا تھا تاہم مقدمے کے فریق خاورمانیکا نے مجھ پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے ہائی کورٹ کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ خاور مانیکا کی جانب سے عدم اعتماد کی درخواست اس سے قبل خارج کی جا چکی تاہم خاور مانیکا کی جانب سے دوبارہ عدم اعتماد کے اظہار کے بعد اپیلوں پر فیصلہ سنانا درست نہ ہو گا لہذا اپیلوں کو دیگر کسی اور عدالت میں ٹرانسفر کرنے کی درخواست ہے۔

جج شاہ رخ ارجمند نے لکھا کہ خاور مانیکا اور ان کے وکلا نے ہمیشہ سماعت میں خلل ڈالنے کی کوشش کی۔

اس سے قبل خاور مانیکا نے عدالت پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کیس کسی اور عدالت کو ٹرانسفر کرنے کی استدعا کی تھی۔

واضح رہےکہ اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے جج شاہ رخ ارجمند نے عدت میں نکاح کیس میں سزا کے خلاف عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر فیصلہ محفوظ کر رکھا ہے جو آج سنایا جانا تھا۔

اس سے قبل اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے عدت میں نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں کے سماعت کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے وکلا اور بشریٰ بی بی کے سابقہ شوہر خاور مانیکا کے درمیان ہاتھا پائی کا واقعہ بھی پیش آیا۔

عدالت کے احاطے میں موجود پی ٹی آئی وکلا نے خاور مانیکا کو دھکے دیے اور تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ اس موقع پر ان کے ساتھ موجود وکلا نے انھیں بچایا اور عدالت لے گئے۔

جواب دیں

Back to top button