پاکستان

’عمران خان کے ساتھ تھا، ہوں اور رہوں گا‘

لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق ایک کیس میں درخواستِ ضمانت کی منظوری کے بعد تحریک انصاف کے رہنما پرویز الہی کو جیل سے رہا کر دیا گیا ہے اور اب وہ لاہور میں اپنی رہائش گاہ پہنچ چکے ہیں۔

ایک پیغام میں تحریک انصاف کے مرکزی صدر پرویز الہی کا کہنا ہے کہ ’اللہ پاک کا بہت شکر ہے کہ مجھے سرخرو کیا۔ اللہ پاک نے مجھے حوصلہ دیا کہ میں ثابت قدم رہوں۔ میں ان ججوں کا مشکور ہوں جنھوں نے حق اور سچ کا ساتھ دیا اور مجھے رہائی ملی۔‘

وہ کہتے ہیں کہ ’میں ان سب لوگوں کا مشکور ہوں جنھوں نے میرے لیے دعائیں کیں اور اس مشکل وقت میں میرا ساتھ دیا۔ گجرات کے لوگوں کو بہت زیادتیاں اور ظلم سہنا پڑا۔ گجرات میں ہمارا مینڈیٹ تک چرایا گیا۔‘

’شجاعت صاحب کے بچوں سے اس وقت تک کوئی بات نہیں ہو گی جب تک ہمارا مینڈیٹ واپس نہیں ہو گا۔ گجرات میں جن لوگوں کے ساتھ زیادتیاں ہوئیں وہ جب تک معاف نہیں کریں گے تب تک ان سے کوئی بات نہیں ہو گی۔‘

انھوں نے الزام عائد کیا ہے کہ ’مجھے پکڑوانے میں اور میرے ساتھ زیادتی کرنے میں سب سے زیادہ اہم کردار محسن نقوی کا رہا ہے۔‘ اب تک وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس الزام پر کوئی ردعمل نہیں دیا ہے۔

پرویز الہی کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’میں عمران خان کے ساتھ تھا، ہوں اور انشاء اللہ رہوں گا۔‘

جواب دیں

Back to top button