تازہ ترینخبریںسیاسیات

عمران خان، آرمی چیف کا تعلق: کچھ اہم لوگوں کی انائیں مجروح تھیں، زلفی بخاری

پی ٹی آئی کی حکومت کے دور میں مخالف میڈیا کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کے الزامات کے بارے میں زلفی بخاری نے کہا ہے۔ کہ جو بھی الزامات لگائے گئے ہیں ان کے عمران خان ذمہ دار نہیں تھے۔

جب اُن سے پوچھا گیا کہ آج وہ جن زیادتیوں کا ذکر کر رہے ہیں کیا اُن میں فوج کے موجودہ سربراہ جنرل عاصم منیر کی تقرری میں عمران خان کی کوئی مبینہ رکاوٹ بڑی وجہ تو نہیں ہے، تو زلفی بخاری نے کہا کہ کچھ اہم لوگوں کی ’انائیں مجروح تھیں۔‘

’جس وقت وہ ڈی جی آئی ایس آئی تھے تو میرے ان سے اچھے تعلقات تھے، لیکن جب انھیں ڈی جی آئی ایس آئی کے عہدے سے ہٹایا گیا اور پھر جب وہ چیف بننے جا رہے تھے تو خان صاحب نے ان کی سلیکشن میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی تھی۔‘

اپنی بات کی وضاحت میں زلفی بخاری نے کہا کہ اس معاملے میں ’کئی زخم آج بھی ہرے ہوں گے۔ لیکن موجودہ چیف آف سٹاف کے دل میں عمران خان کے بارے میں جو بدگمانیاں ہو سکتی ہیں، وہ ان کی ڈی جی آئی ایس آئی کے عہدے سے ٹرانسفر کی وجہ سے ہو سکتی ہے۔‘

’میرا خیال ہے کہ جو آج کل ہو رہا ہے، یہ اُس کے اثرات ہو سکتے ہیں۔‘
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے معتمدِ خاص سید ذوالفقار بخاری عرف زلفی بخاری نے کہا ہے کہ بعض مغربی ملک پاکستان میں کمزور حکمران چاہتے ہیں مگر ان کی جماعت رواں عام انتخابات میں ضرور حصہ لے گی۔

لندن میں برطانوی نشریاتی ادارے کو دیے ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ ’ہمیں پتا ہے کہ ہم پر ظلم ہو رہا ہے۔ ہمیں پتا ہے کہ دھاندلی کی تیاری ہو رہی ہے۔ ہمیں مساوی مواقع نہیں دیے جا رہے لیکن ہمیں پتا ہے کہ عوام ہمارے ساتھ ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ ہم الیکشن جیتیں گے، ہمیں صرف ووٹ ڈالنے کا حق ملے۔‘

جواب دیں

Back to top button