Editorial

دشمن کو اس بار بھی منہ کی کھانی پڑے گی

پاکستان اپنے قیام کے ساتھ ہی دشمنوں کو ایک آنکھ نہیں بھاتا۔ وہ اس کے خلاف ریشہ دوانیوں میں مصروفِ عمل رہتے ہیں۔ اُنہیں جب بھی موقع ملتا ہے وہ وطن عزیز کے خلاف اپنا خبث باطن ظاہر کرتے ہیں۔ پڑوسی ملک بھارت کو تو پاکستان کا وجود ہرگز گوارا نہیں۔ اُس نے پچھلے 76برسوں میں وطن عزیز کے خلاف کیا کیا سازشیں نہیں رچائیں، کیا کیا حربے نہیں آزمائے، ملک و قوم کو برباد کرنے کے لیے تمام ہتھکنڈے اختیار کیے، ہر بار ہی اُس کی سازشوں کو پاک افواج نے ناکام بنایا، بھارت کو ہر ایڈونچر کا منہ توڑ جواب دیا، ملک و قوم کی خوش قسمتی کہ اُسے دُنیا کی بہترین افواج میں سے ایک پاک افواج کا ساتھ میسر ہے، جو انتہائی محدود وسائل میں بہترین پیشہ ورانہ خدمات سرانجام دے رہی ہیں ۔ کون نہیں جانتا کہ پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں سے ایک ہے۔ 15سال سے زائد عرصے تک ملک بدترین دہشت گردی کی لپیٹ میں رہا ہے، ملک کے طول و عرض میں روزانہ ہی دہشت گردی کی بڑی کارروائیاں ہوتی تھیں، درجنوں شہری شہید ہوتے تھے، 80ہزار سے زائد بے گناہ انسان دہشت گردی کے واقعات میں جاں بحق ہوئے، ان میں بڑی تعداد سیکیورٹی فورسز کے افسران اور جوان شہدا کی بھی شامل ہے۔ عوام میں شدید خوف و ہراس تھا۔ کوئی جگہ دہشت گردوں کی مذموم کارروائیوں سے محفوظ نہ تھی۔ دہشت گردی کا قلع قمع بھی تن تنہا ہمارے سیکیورٹی اداروں نے کیا ہے، بغیر کسی بیرونی امداد کے۔ دہشت گردوں کی کمر توڑ کے رکھ دی گئی، ان کو چُن چُن کر جہنم واصل کیا گیا، بڑی تعداد میں شرپسندوں کی گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں، جو بچ گئے اُنہوں نے یہاں سے فرار میں عافیت جانی۔ سیکیورٹی فورسز کے آپریشنز کے نتیجے میں دہشت گردی کا خاتمہ ہوا۔ ملک میں امن و امان کی فضا بحال ہوئی۔ عوام نے سکون کا سانس لیا۔ کچھ سال امن رہا، اب پھر گزشتہ ایک سال سے ملک میں دہشت گردی کا عفریت سر اُٹھاتا دِکھائی دے رہا ہے۔ خصوصاً خیبر پختون خوا اور بلوچستان صوبوں میں دہشت گردی کی متواتر وارداتیں سامنے آرہی ہیں۔ جمعہ کو مختلف دہشت گرد حملوں میں 17جوان شہید ہوئے تھے۔ ہفتہ کو میانوالی ایئربیس پر دہشت گردوں نے حملہ کیا اور ہماری بہادر فورسز نے اس مذموم حملے کو ناکام بناتے ہوئے کلیئر آپریشن میں 9 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا، دہشت گردی کے ان واقعات کے بعد پاکستان کے خلاف سوشل میڈیا پر مذموم پروپیگنڈا دیکھنے میں آرہا ہے۔ ماہرین ان مذموم حملوں میں بھارت کی بدنام زمانہ ایجنسی ’’را’’ کے ملوث ہونے کے دعوے کررہے ہیں۔دیکھا جائے تو دشمن بھارت تمام ہتھکنڈے آزما چکا، اُسے ہر جگہ دندان شکن جواب ملا۔ اُس کے بعد اُس نے پاک افواج اور ملک عزیز کے خلاف مذموم پروپیگنڈوں کا سہارا لیا، جس کے لیے ففتھ جنریشن وار فیئر کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے۔ پاکستان کے اندر بھی ایسے عناصر موجود ہیں، جو دشمنوں کی کاسہ لیسی میں پاک افواج اور ملک عزیز کے خلاف مذموم سازشوں کا حصّہ بن کر من گھڑت اور بے بنیاد پروپیگنڈے کرتے ہیں۔ اس حوالے سے سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق سیکیورٹی فورسز پر دہشت گردوں کے حملوں کی نئی لہر کے ساتھ سوشل میڈیا پر بھی پاکستان مخالف مہم شروع ہوگئی۔ 3 نومبر کو پسنی میں فورسز کے قافلے پر حملے میں 14 فوجی جوان شہید ہوئے جبکہ ہفتہ کو میانوالی ایئربیس پر دہشت گردوں نے ناکام حملہ کیا اور فورسز نے 9دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا، مگر دہشت گردوں کے فورسز پر حملوں کے ساتھ ہی سوشل میڈیا پر پاکستان مخالف پوسٹوں کا سیلاب امڈ آیا۔ بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را’’ سے جڑے ایکس اکائونٹس نے میانوالی حملے سے پہلے ہی اشارہ دیا ’’کچھ بڑا ہونے والا ہے۔’’ اس حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر پیشگی آنے والی پوسٹس اشارہ کرتی ہیں دہشت گردوں اور ’’را’’ کا گٹھ جوڑ ہے۔ میانوالی ایئربیس حملے کی ناکامی کے بعد بھارتی میڈیا نے پروپیگنڈا شروع کیا کہ پاک فضائیہ کا بہت نقصان ہوا ہے۔ بھارتی خفیہ ایجنسی سے جڑے اکائونٹس پر کہا گیا، پاکستان کے نقصان پر خوشیاں منائی جائیں جب کہ ایک سیاسی جماعت سے جڑے ٹرولز نے بھی شہدا کی بے حرمتی میں بھارتی پروپیگنڈا کا ساتھ دیا۔ کچھ ماہ پیشتر بھی سوشل میڈیا پر ملک عزیز اور پاک افواج کے خلاف مذموم مہمات کا سلسلہ چل رہا تھا، جس کا بھرپور توڑ کیا گیا اور یہ سلسلہ متروک ہوا۔ افواج پاکستان کے امیج کو تباہ کرنے کے لیے تمام ہتھکنڈے آزمائے گئے تھے۔ قوم ان پروپیگنڈوں کی حقیقت سے واقف تھی اور ہے۔ دشمن چاہے جتنا زور لگالے وہ ملک عزیز اور پاک افواج کے خلاف مذموم مہمات کو کامیابی سے ہمکنار نہیں کرسکتا، اس کو منہ کی کھانی پڑے گی کہ قوم کو ناصرف پاک افواج پر فخر ہے بلکہ وہ ملک سے گہری محبت رکھتی ہے۔ ملک عزیز کے خلاف ان مذموم مہمات کی کوئی حیثیت نہیں۔ ان من گھڑت پروپیگنڈے کا راز افشا ہوچکا ہے۔ بھارت کی ڈس انفولیب دُنیا بھر میں عرصہ پہلے بے نقاب ہوچکی ہے۔ دوسرے ممالک میں دہشت گردی کرانے میں بھارت کے حوالے سے ڈھیروں شواہد عالمی سطح پر سامنے آچکے ہیں۔ بھارت ہر جگہ بدنام ہے۔ پاک افواج پر پوری قوم کو بے پناہ فخر ہے۔ پاک افواج کا ہر اہلکار و افسر ملک کے ذرّے ذرّے کی حفاظت کے لیے اپنی جان کا نذرانہ دینے سے ذرا بھی دریغ نہیں کرتا۔ ملک عزیز تاقیامت قائم رہے گا۔ دہشت گردی کا سر اُٹھاتا عفریت پر جلد قابو میں ہوگا۔ اس کے خاتمے کے لیے مختلف آپریشنز جاری ہیں، جلد ہی دہشت گردوں کا ملک سے مکمل صفایا ہوجائے گا۔
ویلڈن فخر، پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ہرادیا
پاکستان کی ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدیں روشن ہیں۔ گزشتہ روز فخر زمان کی شاندار بلے بازی کی بدولت پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ڈک ورتھ لوئس (DLS)میتھڈ کے تحت 21رنز سے فتح کا ذائقہ چکھا۔ فخر کو ورلڈکپ کے ابتدائی مقابلوں میں فائنل الیون میں جگہ نہ مل سکی تھی۔ پچھلے دو مقابلوں میں اُنہیں چانس دیا تو اُنہوں نے چھکوں کی برسات کرکے ابتدائی مقابلوں میں اپنا انتخاب نہ کرنے کے فیصلے کو غلط ثابت کر دکھایا۔ پہلے بنگلادیش کو دن میں تارے دِکھائے، پھر نیوزی لینڈ کے بولرز کو لائن اور لینتھ بھلا ڈالی۔ نیوزی لینڈ کے خلاف 11چھکے جڑ کر شاہد آفریدی کا ون ڈے میں سب سے زیادہ 11چھکے لگانے کا قومی ریکارڈ بھی برابر کر ڈالا۔ اس کے علاوہ ورلڈکپ میں پاکستان کی جانب سے تیز ترین سنچری کا قومی ریکارڈ بھی اپنی دسترس میں کرلیا۔ ورلڈکپ کا 35واں میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان بنگلورو میں چنا سوامی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جس میں پاکستان کی دعوت پر نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے قومی ٹیم کو جیت کیلیے 402رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا۔ پاکستان نے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ شروع کی تو عبداللہ شفیق صرف چار رنز بنا کر 6کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔ اوپنر فخر زمان نے بابر اعظم کے ساتھ مل کر شاندار بلے بازی کی اور 63گیندوں پر تیز ترین سنچری بنائی۔ دوسرے اینڈ پر کپتان بابر اعظم نے بھی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان نے 21اوورز میں 159رنز بنائے تو بارش کے باعث میچ کو روکا گیا، ایک گھنٹے بعد جب برسات رکی تو امپائرز نے ڈی ایل ایس قانون کے تحت ہدف کو 342رنز تک محدود کرکے 9 اوورز کم کیے۔ میچ شروع ہونے کے بعد چند اوورز ہی کرائے جاسکے تھے کہ پھر پھر بارش شروع ہوگئی تو پھر کھیل روک دیا گیا۔ اس وقت تک پاکستان نے 25.3اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر 200رن بنالیے تھے۔ ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت پاکستان نے 21رنز زیادہ بنائے جس کے تحت قومی ٹیم کو فاتح قرار دیا گیا۔ فخر زمان 81گیندوں پر 11چھکوں اور 8چوکوں کی مدد سے 126رنز اور بابر اعظم 63گیندوں پر 2چھکوں اور 6چوکوں کی مدد سے 66رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے واحد وکٹ ٹم سائوتھی نے حاصل کی۔ فخر زمان کو شاندار بیٹنگ کرنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کا دن میرے لیے خوش قسمتی کا دن تھا، اللہ کا شکر ہے کہ میں اچھا کھیل پیش کرنے میں کامیاب ہوا۔ قبل ازیں نیوزی لینڈ ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ورلڈکپ کی تاریخ میں پہلی بار 400رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔ انہوں نے مقررہ 50اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 401رنز بنائے۔ کیوی اوپنرز ڈیون کانوے اور راچن رویندرا نے ٹیم کو 68رنز کا آغاز فراہم کیا، تاہم کانوے 35رنز بناکر وکٹ گنوابیٹھے۔ دوسری وکٹ کی شراکت میں کین ولیمسن اور راچن رویندرا نے 180رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم کپتان ولیمسن نے 10چوکوں اور 2چھکوں کی مدد سے 95جبکہ راچن رویندرا 108رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ دیگر کھلاڑیوں میں ڈیرل مچل 29اور مارک چیپمین 39، گلین فلپس 41رنز بناسکے۔ مچل سینٹنر 26رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے محمد وسیم جونئیر نے 3حارث رئوف، افتخار احمد اور حسن علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان کی اس جیت پر قوم خوشی سے نہال ہے۔ اس جیت کے ساتھ ہی پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدیں روشن ہیں۔ پاکستان کو اپنے آخری لیگ میچ میں انگلینڈ کے خلاف بڑی فتح کو گلے لگانا ہوگا۔

جواب دیں

Back to top button