
اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ شروع ہونے کے بعد پہلی بار یہ توقع کی جا رہی ہے کہ جمعے کو لبنانی شیعہ عسکریت پسند گروہ حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ خطاب کریں گے۔
یہ تقریر ممکنہ طور پر حزب اللہ کے اگلے اقدامات کی نشاندہی کر سکتی ہے کیونکہ لبنان اسرائیل کی سرحد پر حزب اللہ کے جنگجو اور اسرائیلی فوج ایک دوسرے پر حملے کر رہی ہیں۔
اس وجہ سے یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ علاقہ ایک اور میدان جنگ بن سکتا ہے۔
تاہم اب تک جھڑپیں کچھ علاقوں تک محدود ہیں۔
سات اکتوبر کو حماس کے حملے اور غزہ پر اسرائیلی بمباری کے بعد سے حزب اللہ نے اسرائیل پر حملے بڑھا دیے ہیں اور اسرائیل ان حملوں کا جواب دے رہا ہے۔
لیکن دونوں فریقوں نے بظاہر کشیدگی میں خطرناک اضافے سے بچنے کے لیے اقدامات کیے ہیں اور زیادہ تر حملے سرحدی علاقے تک محدود رہے ہیں تاہم خدشہ ہے کہ یہ صورتحال تبدیل ہو سکتی ہے۔







