
نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کو اس وقت اپنے دوسرے بیٹے کی تلاش ہے۔ یہ سننے میں عجیب لگتا ہے۔ لیکن انہوں نے اس کا اعلان خود کیا ہے۔ نجی چینل کے پروگرام میں شریک نگران وزیر اعظم نے پروگرام کے میزبانوں کے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سوشل میڈیا پر لوگ کچھ بھی لکھ دیتے ہیں۔ اب یہ والی بات کہ فرانس کے ایفل ٹاور کے اوپر موجود ایک ہوٹل میں میں نے اپنے دو بیٹوں کے ساتھ کھانا کھایا۔ یہاں پر میزبان نے کہا کہ جس کا بل 400 پاونڈ فی کس تھا؟ جس پر وزیر اعظم نے ہنستے ہوئے کہا کہ میں اپنے دوسرے بیٹے کو بھی تلاش کر رہا ہوں کیوں کہ میرا ایک ہی بیٹا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کو رائٹ آف انفارمیشن ایکٹ کے تحت فرانس میں پاکستانی سفارتخانے سے میرے کھانے کی تفصیلات لینی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر جو کچھ چلتا ہے اب اس پر کیا کہا جائے۔ یاد رہے کہ نگران وزیر اعظم کاکڑ نیویارک میں جنرل اسمبلی سے خطاب کرنے گئے تھے اور انہوں نے فرانس کا دورہ بھی کیا تھا۔ انہوں نے اپنے اس انٹرویو میں کہا کہ انکے ساتھ کل تیس پینتیس لوگ تھے جن کا کل بل 3 سو سے 4 سو پاونڈ بنا تھا۔







