
فلسطین اور اسرائیل کے درمیان نئی جنگ چھڑ گئی، فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس نے اسرائیل پر زمین، سمندر اور فضا سے حملہ کر دیا۔
حماس کے حملے میں 22 اسرائیلی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
حماس کی القسام بریگیڈ نے اسرائیلی علاقوں میں ڈھائی ہزار سے زائد راکٹ داغے اور پیدل مزاحمت کار اسرائیلی سرحد عبور کر کے اسرائیلی علاقوں میں داخل ہو گئے۔
اسرائیلی اخبار ہاریٹز نے کہا ہے کہ حماس کے اچانک حملوں سے متعدد اسرائیلی ہلاک، سیکڑوں زخمی اور لاتعداد یرغمال بنائے گئے ہیں۔
حماس نے اپنی سہ طرفہ کارروائی کو’آپریشن الاقصی فلڈ‘ کا نام دیا ہے۔
دوسری جانب حماس کے حملوں کے جواب میں اسرائیل نے غزہ پر بمباری شروع کر دی ہے، غزہ میں فلسطینی وزارت داخلہ کی عمارت پر فضائی حملہ کر کے تباہ کر دیا گیا۔
ترجمان اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ غزہ میں حماس کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
اسرائیلی وزارت دفاع کا دعویٰ ہے کہ عسکریت پسند غزہ سے اسرائیلی علاقوں میں گھس آئے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے جنگی حالات کا الرٹ جاری کر دیا ہے، اسرائیل کے وزیر دفاع نے اضافی فوج طلب کرنے کی منطوری دے دی ہے۔
اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو کی زیرِ صدارت ملٹری ہیڈ کوارٹرز میں ہنگامی اجلاس جاری ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے2007ء سے غزہ کا محاصرہ کر رکھا ہے۔







