
پاکستان کے سابق اسپیڈاسٹار شعیب اختر نے قومی ٹیم کے بھارت میں پرُتپاک استقبال پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ کھیلنے کے لئے بھارت کے شہر حیدرآباد دکن پہنچی تو ایئر پورٹ پر موجود بھارتی شہری قومی کپتان بابر اعظم کی ایک جھلک دیکھنے کے لئے بے تاب دکھائی دیئے
اس موقع پر سیکورٹی کے سخت اقدامات دیکھنے میں آئے، سیکورٹی اداروں کی 20زائد گاڑیاں ایئرپورٹ پر موجود تھیں، اس موقع پر قومی ٹیم کو بھرپور پروٹوکول دیا گیا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے ایئرپورٹ پہنچتے ہی وہاں پر موجود شائقین کرکٹ اور حکام کی جانب سے بھرپور استقبال کیا گیا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو دیکھ کر ائیرپورٹ پر موجود بھارتی شہری اور پاپارازی(فوٹوگرافر ز) بابر بھائی، بابر بھائی کے نعرے لگانا شروع ہوگئے۔ قومی کپتان نے انہیں نظر انداز نہیں بلکہ انہیں دیکھ کر مسکرا دیئے اور ہاتھ ہلا دیا۔
قومی ٹیم کی بھارت آمد کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر چھا گئیں۔ ان مناظر کو دیکھ کر شعیب اختر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے بھارت میں استقبال دیکھ کر خوشی ہوئی یہ کھیلوں کی خوبصورتی ہے۔
اپنے بیان میں شعیب اختر نے کہا کہ اس سے ہمیں اندازہ ہوتا ہے کہ ہم سب ایک دہائی یا اس سے زیادہ عرصے سے کیا کھو رہے ہیں۔
Happy to see the reception Pakistan Cricket Team got in India. Thats the beauty of sports.
That also kinda gives us an idea what we are all missing out on, for a decade or so.— Shoaib Akhtar (@shoaib100mph) September 28, 2023







