
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورت اور ان کی آرا کی روشنی میں حلقہ بندی کے کام کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے اس دورانیے کو کم کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ حلقہ بندی کی حتمی اشاعت اب 30 نومبر 2023 تک کردی جائے گی۔
اگرچہ حلقہ بندی کی مدت میں کمی کے باوجود بھی اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد 90 روز کے اندر انتخابات کے انعقاد سے متعلق آئینی شق کی خلاف ورزی ہوگی، تاہم الیکشن کمیشن کی جانب سے سامنے آنے والے اس فیصلے سے انتخابات میں کئی ماہ تک تاخیر کے خدشات میں کمی آئے گی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سیاسی جماعتوں کی مشاورت، ان کی جانب سے سامنے آنے والی تجاویز و آرا کی روشنی میں حلقہ بندی کےکام کو جلد ازجلد مکمل کرنے کے لیے اس کے دورانیے کو کم کر دیا گیا ہے۔
اس میں مزید کہا گیا ہے کہ اب حلقہ بندی کی حتمی اشاعت مورخہ 30 نومبر 2023 کو ہوگی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حلقہ بندی کےدورانیے کو کم کرنے کا مقصد جتنا جلدی ممکن ہو سکے الیکشن کا انعقاد ہے، اس تاریخ کو مدنظر رکھتے ہوئے الیکشن کے شیڈول کا بھی اعلان کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل آج ہی الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں سے مشاورت اور اُن کے فیڈ بیک کو مدنظر رکھتے ہوئے الیکشن کمیشن کا آج اہم اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں حلقہ بندی کے دورانیے کو مزید کم کرنے کے بعد الیکشن کمیشن، انتخابات کے شیڈول کا اعلان کرے گا