
سینئر صحافی مزمل سہروردی جو کہ حال ہی میں لندن میں نواز شریف سے ون آن ون ملاقات کرکے لوٹے ہیں انکا کہنا ہے کہ نواز شریف اب شاید آپس میں مزید لڑائی کے خواہاں نہیں ہیں۔ انکا اشارہ عمران خان اور دیگر مخالف قوتوں کی جانب تھا۔ مزمل سہروردی کے مطابق انہیں ذرا برابر نہیں لگا کہ نواز شریف پاکستان نہیں آرہے۔ یہی لگا ہے کہ جیسے ان کا سوٹ کیس پیک پڑا ہے اور وہ کسی بھی وقت عازم سفر ہوں گے۔ وطن واپس آ کر انہیں کسی سنگین قانونی رکاوٹ کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا، انہوں نے واپس آ کر بس اپیل فائل کرنی ہے اور حفاظتی ضمانت لینی ہے۔ مزمل سہروردی کے مطابق نواز شریف کے خیال میں ہمیں اب آپس میں لڑائی نہیں کرنی چاہئیے اور ملکی معیشت کی بحالی پر توجہ مرکوز کرنی چاہئیے۔ وہ یہ گفتگو ویب نیوز پورٹل نیا دور کے پروگرام میں کررہے تھے۔ مزمل سہروردی کا مزید کہنا تھا کہ ملاقات میں نواز شریف نے انہیں بتایا کہ پارٹی کا یہ خیال ہے کہ الیکشن کا شیڈول آجائے اس کے بعد وطن واپس آئیں، یہ سیاسی ٹائمنگ کی بات ہے کہ مجھے کب واپس جانا چاہئیے۔ ایک اور اہم انکشاف میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے واضح طور پر کہا کہ عمران خان کو ہم لکھ کر دینے کو تیار ہو گئے تھے کہ جولائی میں انتخابات کروا دیں گے مگر وہ نہیں مانے۔





