
لاہورٟ (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک ہائی پروفائل کرکٹ ٹیکنیکل کمیٹی تشکیل د یدی جس میں پاکستان کے سابق کپتان مصباح الحقٟ سربراہ، انضمام الحق اور محمد حفیظ شامل ہیں۔ سی ٹی سی کرکٹ سے متعلقہ معاملات پر سفارشات فراہم کرے گا، جس میں مجموعی ڈومیسٹک ڈھانچہ، شیڈولنگ، پلیئنگ کنڈیشنز، قومی سلیکشن کمیٹیوں کی تقرری، قومی ٹیم کے کوچز کی تقرری، امپائر، ریفری اور کیوریٹر سینٹرل اور ڈومیسٹک کنٹریکٹس اور ان کی ترقی کے منصوبے شامل ہیں ۔سی ٹی سی کے پاس اضافی کرکٹ ماہرین کو مدعو کرنے کے اختیارات ہوں گے اور وہ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ کو مستقل بنیادوں پر رپورٹ کرے گا۔اس حوالے سے پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرپرسن ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ میں اپنے ملک میں کرکٹ کی بہتری کے لیے مصباح الحق، انضمام الحق اور محمد حفیظ کو بورڈ میں خوش آمدید کہتے ہوئے بہت خوش ہوں۔ یہ تینوں سابق کپتان کرکٹ کے بارے میں زبردست علم رکھتے ہیں اور وہ جدید دور کی کرکٹ کے تقاضوں کو سمجھتے ہیں۔





