
چین میں اس وقت ایک بڑی سیاسی پیش رفت دنیا کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ چین کے وزیر خارجہ چِن گانگ کو گذشتہ دنوں اُن کے عہدے سے ہٹانے کا اعلان کیا گیا تھا۔ وہ سات ماہ تک اس اہم عہدے پر تعینات رہے ہیں۔ ان کے بارے میں قیاس آرائیاں اب بھی جاری ہیں کہ انھیں کیوں ہٹایا گیا اور چونکہ وہ منظر عام سے غائب رہے تو یہ سوال بھی اٹھ رہا ہے کہ وہ اِن دنوں کہاں ہیں؟ اب تازہ ترین اطلاعات یہ ہیں کہ دنیا کی ابھرتی ہوئی سپر پاور کے 57 سالہ وزیر خارجہ کو ہٹائے جانے کی وجہ انکا ایک ٹی وی اینکر سے معاشقہ ہے۔ چینی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ویبو‘ پر اس وقت سابق وزیر خارجہ سے متعلق سرچ کی جا رہی ہے جبکہ ان کی اہلیہ اور ان کی مبینہ محبوبہ کے بارے میں بھی مواد انٹرنیٹ پر سرچ کیا جا رہا ہے۔ اس خاتون کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ عمومی طور پر سوشل میڈیا پر کافی سرگرم تھیں، لیکن مبینہ افیئر کی افواہیں پھیلنے کے بعد وہ بھی اچانک ’غائب‘ ہو گئیں۔ 57 سالہ سابق وزیر خارجہ کو چینی صدر شی جن پنگ کے قریبی ساتھیوں میں سے ایک کے طور پر دیکھا جاتا ہے اور وہ چین کی تاریخ میں اس عہدے پر تعینات ہونے والے سب سے کم عمر سیاستدانوں میں سے ایک ہیں۔
چن گانگ کو آخری بار 25 جون کو عوامی طور پر دیکھا گیا تھا۔ چین کی حکومت کی جانب سے ان کی برطرفی کی کوئی واضح وجہ نہیں بتائی گئی ہے۔
چن گانگ کو اس اہم عہدے سے ہٹانے کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی ہے اور اس بات کا اعلان منگل کو ایک ہنگامی اجلاس کے بعد کیا گیا۔
اُن کے پیشرو وانگ یی کو دوبارہ وزارت خارجہ کے عہدے پر تعینات کر دیا گیا ہے۔







