تازہ ترینخبریںسپورٹس

پیرس اولمپکس 2024 کی تیاریاں ، دریائے سین کی صفائی شروع

دریائے سین یورپ کے چند اہم ترین شہروں سے گزرتا ہے جن میں سے ایک فرانس کا دارالحکومت پیرس بھی ہے۔ مگر ایک صدی سے پیرس میں بہنے والے اس دریا میں کسی کو نہانے کی اجازت نہیں تھی۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ یہ دریا اتنا آلودہ تھا کہ اس میں تیرنے یا غوطہ لگانے سے بیمار ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ 1923 سے اس دریا میں عوام کے نہانے پر پابندی عائد تھی مگر اب پیرس کے حکام نے ایک ارب 40 کروڑ یورو خرچ کرکے اس دریا کو صاف کیا ہے جس کے بعد یہاں ایک بار پھر لوگوں کے لیے نہانا ممکن ہو جائے گا۔ یہ صفائی پیرس اولمپکس 2024 کے لیے کی گئی ہے۔ اولمپکس اور پیرا اولمپکس کے کچھ مقابلے وسطی پیرس میں دریائے سین میں منعقد ہوں گے۔ پیرس کے ڈپٹی میئر اور اولمپکس کے انتظامی ٹیم کے سربراہ Pierre Rabadan نے بتایا کہ جب لوگ ایتھیلیٹس کو دریا میں تیرتے ہوئے دیکھیں گے تو ان کے اندر وہاں جانے کا اعتماد پیدا ہوگا۔ صنعتی مواد کے بہا¶ اور نکاسی آب کے باعث دریائے سین بہت زیادہ آلودہ ہوگیا تھا جبکہ آبی حیات بھی متاثر ہوئی تھی۔ اسی کو دیکھتے ہوئے 1923 میں دریا میں نہانے پر پابندی عائد کی گئی، البتہ دوسری جنگ عظیم تک سالانہ کرسمس کراس ریور مقابلہ ہوتا رہا۔ پیرس کے 19 ویں صدی کے نکاسی آب کے سنگل سسٹم انفرا اسٹرکچر اس مسئلے کی ایک بڑی وجہ تھا، جو ویسے تو ٹھیک کام کرتا ہے مگر زیادہ بارش ہونے پر گندا پانی دریائے سین میں جا کر مل جاتا تھا۔ اب اس کے لیے زیرزمین ایک بہت بڑا مرکز تعمیر کیا گیا ہے جہاں شدید بارشوں کے دوران پانی ذخیرہ کیا جائے گا۔ یہ مرکز اگلے سال شیڈول اولمپکس تک کام کرنے لگے گا جس سے دریا کو مختلف کھیلوں کے لیے استعمال کرنا ممکن ہو جائے گا۔

جواب دیں

Back to top button