
زلمی ٹیلنٹ ہنٹ سندھ کا کامیاب انعقاد ، پشاور زلمی مینجمنٹ کا کراچی اور سندھ کے نوجوان کرکٹرز سے اظہار تشکر
ٹیلنٹ ہنٹ کے آخری روز زلمی مینجمنٹ کا کیک کاٹ کر پاکستان کی ایمرجنگ ایشیا کپ جیت پر خوشی کا اظہار
چار روزہ ٹرائلز کے دوران تقریبا دس ہزار بچے پہلے شدید گرمی اور پھر بارش کے باوجود پہنچے ، صدر پشاور زلمی انضمام الحق
کراچی میں ہونیوالے زلمی ٹیلنٹ ہنٹ سندھ کا کامیاب انعقاد پر پشاور زلمی مینجمنٹ نے کراچی اور سندھ کے نوجوان کرکٹرز سے اظہار تشکر کیاہے
راشد لطیف کرکٹ اکیڈمی گلبرگ کراچی میں ٹیلنٹ ہنٹ کے آخری روز زلمی مینجمنٹ نے ٹرائلز میں آئے نوجوان کرکٹرز کے ساتھ کیک کاٹ کر پاکستان کی ایمرجنگ ایشیا کپ فائنل میں بھارت کے خلاف جیت پر خوشی کا اظہار کیا
پشاور زلمی کے صدر انضمام الحق نے کہا کہ
چار روزہ ٹرائلز کے دوران تقریبا دس ہزار بچے پہلے شدید گرمی اور پھر بارش کے باوجود پہنچے ،اور اس جذبے اور زلمی ٹیلنٹ ہنٹ سندھ کو کامیاب کرنے پر وہ نوجوان کرکٹرز کو شاباش دیتے ہیں
انضمام الحق نے کہا کہ کراچی اور سندھ کے چھوٹے بڑے شہروں کے نوجوان کرکٹرز نے بہت متاثر کیا، شارٹ لسٹ بچوں کو ماہانہ وظیفہ اور کرکٹ سامان فراہم کریں گے، انضمام الحق نے مزید کہا کہ آخری روز بارش کے باعث فائنل نہ ہوسکا لیکن جلد ان کرکٹرز کو دوبارہ مدعو کریں گے، تاہم زلمی ٹیلنٹ ہنٹ سندھ سے تمام مطلوبہ اہداف حاصل کرلیے
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ اور سندھ کے بعد دیگر صوبوں اور شہروں میں بھی ٹرائلز کا انعقاد کریں گے، پاکستان بھر میں ٹرائلز کےبعد چھ ٹیمیں بناکر پشاور میں فائنل ایونٹ کرائیں گے، اور بہترین نوجوان کرکٹرز کو پی ایس ایل اور پاکستان کرکٹ میں آگے بڑھنے میں پوری معاونت کریں گے







