
سابق وزیر اعظم عمران خان اور انکی پارٹی پر کڑا وقت ہے۔ پارٹی رہنما دھڑا دھڑ چھوڑ کر جا رہے ہیں تو عمران خان کی گرفتاری کی باتیں الگ ہیں۔ ایسے میں ملک کے معروف صحافی جاوید چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کی سیاست میں اصل بٹہ انکی اہلیہ بشری بی بی ہیں جو ہر چیز ان کے روحانی موکلات کے زاویئے سے دیکھتی ہیں۔ جاوید چوہدری نے اپنے تازہ ترین کالم میں کہا ہے کہ میں خان صاحب کا مخالف سمجھا جاتا ہوں‘ میں نے 2014میں سب سے پہلے پی ٹی آئی کے گالی اسکواڈ سے گالیاں کھانا شروع کی تھیں اور آج تک کھا رہا ہوں مگر اس کے باوجود مجھے آج خان صاحب سے ہمدردی ہو رہی ہے‘ یہ بے چارہ مغالطے میں مارا گیا‘ یہ کاغذی شیروں کو اصل شیر اور گتے کی تلواروں کو ضرب مومن سمجھ بیٹھا تھا چناں چہ یہ سیاسی موت مارا گیا‘ اس کے لیے اگلا وقت آج سے زیادہ مشکل اور ناقابل برداشت ہو گا۔ خان صاحب کو اب بھی عقل کے ناخن لے لینے چاہییں‘ یہ جیل سے بچنے کے بجائے مردوں کی طرح اس کا مقابلہ کرے اور ان لوگوں کی عزت کرے جو اس عالم میں بھی اس کا ساتھ نہیں چھوڑ رہے۔ان صاحب کے لیے آج بھی ایک لائف لائن باقی ہے اور وہ ہیں عوام‘ یہ اگر جیل چلا جائے‘ مشکل وقت کاٹ لے تو یہ زیادہ فورس کے ساتھ واپس آئے گا‘ یہ شاید یہ کر بھی گزرے مگر بشریٰ بی بی کے موکلات اجازت نہیں دے رہے لہٰذا سیاست کا گلیشیئر بے وقوفیوں کے سمندر میں پگھلتا چلا جا رہا ہے اور تبدیلی کے خواب روزانہ کی بنیاد پر ٹوٹتے چلے جا رہے ہیں۔





