اور سیما پھر روپوش ہوگئی …..

پب جی گیم کھیلتے ہوئے بھارتی نوجوان کی محبت میں مبتلا ہونے والی پاکستانی خاتون سیما بھارت جاکر ہندو مذہب اختیار کرکے شادی کرنے کے بعد انتہا پسندوں کی جانب سے دھمکیاں ملنے کے سبب اپنے شوہر سمیت روپوش ہوگئی. بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ پاکستانی شہری سیما حیدر اور ان کے بھارتی شوہر سچن مینا دہلی کی سرحد سے متصل گریٹر نوئیڈا میں واقع اپنے گھر سے لاپتا ہو گئے ہیں۔
یاد رہے کہ آن لائن گیم ’پب جی‘ کھیلتے ہوئے سچن سے رابطہ قائم کرنے والی سیما نیپال کے راستے غیرقانونی طور پر بھارت میں داخل ہوئی تھی۔
اتر پردیش (یوپی) پولیس نے سیما کو نیپال کے راستے بغیر ویزا کے غیر قانونی طور پر بھارت میں داخل ہونے پر گرفتار کیا تھا لیکن بعد میں اسے ضمانت پر رہا کر دیا گیا، سیما نے ہندو مذہب اختیار کر لیا اور سچن سے شادی کی اور گریٹر نوئیڈا میں واقع گھر میں رہنے لگی۔رپورٹس کے مطابق دونوں لاپتا ہو گئے ہیں، اتر پردیش کے انسداد دہشت گردی اسکواڈ نے مبینہ طور پر سیما کے پاکستانی روابط اور بھارت میں داخل ہونے کے لیے اپنائے گئے راستے کا سراغ لگانے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں







