
کراچی ( رپورٹ شکیل نائچ ) کینجھر جھیل اور اس سے ملحقہ علاقہ چلیا میں بڑے پیمانہ پر غیر قانونی طور پر کان کُنی کے انکشاف کے بعد محکمہ مائینز اینڈ منرل نے چھان بین کمیٹی تشکیل دے دی ہے کمیٹی کے چیئرمین ڈائریکٹر جنرل مائینز اینڈ منرل ہوں گے کمیٹی میں ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل راشد انصاری ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹیکنیکل امان اللہ کاٹھیو اور سرویئر عابد سولنگی شامل ہیں کمیٹی کو ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ چلیا کا دورہ کرکے نقشہ بنائے گی جہاں غیر قانونی طور پر کان کُنی کی جارہی ہے کمیٹی غیر قانونی کان کُنی کے ثبوت حاصل کرے گی اور ارتھ مٹیریل کو چھان بین کے لئے اٹھائے گی کمیٹی کو سات روز میں رپورٹ دینے کی ہدایت کی گئی ہے اس وقت کینجھر اور اس کے ملحقہ علاقہ چلیا میں غیر قانونی طور پر پتھر نکالے جارہے ہیں جس سے کینجھر جھیل میں شگاف پڑنے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے اس سے علاقہ کے ڈوبنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے اس اطلاع کے بعد محکمہ مائینز اینڈ منرل نے چھان بین کمیٹی تشکیل دے دی ہے تاکہ حقائق سامنے آسکیں اور غیر قانونی کان کُنی کے خلاف کارروائی کی جاسکے ۔





