
کراچی ( رپورٹ شکیل نائچ ) ملک کے تین صوبوں سندھ ، پنجاب اور بلوچستان میں پہلی مرتبہ چھوٹے بڑے شہروں میں ڈرینیج کے نظام کا ماسٹرپلان تیار کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے اس ضمن میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی ، ترقیات و خصوصی اقدامات کی صدارت میں اجلاس بلالیا گیا ہے وفاقی وزارت آبی وسائل کی جانب سے وفاقی سیکریٹری منصوبہ بندی ، ترقیات و خصوصی اقدامات ، چیئرمین واپڈا ، چیئرمین منصوبہ بندی وترقیاتی بورڈ پنجاب ، چیئرمین منصوبہ بندی وترقیاتی بورڈ سندھ ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی وترقیات بلوچستان ، ممبر واٹر واپڈا ، سیکریٹری محکمہ آبپاشی پنجاب ، سیکریٹری محکمہ آبپاشی سندھ ، سیکریٹری محکمہ آبپاشی بلوچستان کو بھیجے گئے مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ سندھ ، پنجاب اور بلوچستان کے نمائندے ڈرینیج کے ماسٹر پلان پر پرزنٹیشن تیار کریں اور اس اجلاس میں پیش کریں اور اس اجلاس میں اس اہم معاملہ کا حل بھی پیش کریں ڈرینیج پر ماسٹر پلان کے لئے اہم ترین مقامات کی نشاندہی کریں جہاں سیلابی پانی سلیمان کھیرتھر پہاڑی سلسلہ سے آتا ہے اجلاس کے لئے واپڈا بھی ماسٹرپلان پر تازہ ترین صورتحال پیش کرے گا اور سندھ ، بلوچستان کے نمائندوں کے تبصروں کا جواب دے گا تمام فریقوں سے کہا گیا ہے کہ اجلاس سے قبل اپنی پرزنٹیشن کی سافٹ کاپیاں وفاقی وزارت آبی وسائل کو ارسال کریں تاکہ تمام فریقوں کو فراہم کی جاسکیں اور وہ اس کا جواب بھی تیار کرسکیں ۔





