
انڈین ریاست اتر پردیش کے ضلع غازی آباد کے کوچنگ سینٹر میں باجماعت نماز پڑھنے والے مسلمان شہری کو گرفتار کر لیا گیا۔
ویب سائٹ مکتوب میڈیا کے مطابق نماز پڑھنے والے مولوی شوکت علی نامی شہری کو 23 جون کو غازی آباد کے علاقے دیپک وِہار سے پولیس نے گرفتار کیا۔
شوکت علی کے خلاف درج ہونے والی ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ جب پولیس موقعے پر پہنچی تو وہ فیوچر ٹریک کوچنگ انسٹی ٹیوٹ میں نماز پڑھ رہے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں ہندو کمیونٹی کے افراد کی جانب سے شکایت موصول ہوئی۔
پولیس سٹیشن کے ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ شوکت علی کوچنگ انسٹی ٹیوٹ کے اندر مدرسہ چلا رہے تھے اور اس میں نمازیں پڑھی جا رہی تھیں۔
مولوی شوکت علی کے خلاف انڈین پینل کوڈ کے سیکشن 153 اے اور 505 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔







