
کراچی ( رپورٹ شکیل نائچ ) محکمہ خزانہ سندھ نے بلا آخر مالی ادائیگیوں کے لئے نظام مرتب کرلیا ہے جس کے تحت اب اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ کی جانب سے جو ادائیگیاں کی جائیں گی وہ محکمہ خزانہ کے بار کوڈ سے تصدیق کے بعد کی جاسکیں گی
جس کے بعد اب پے اینڈ الاؤنس کی ادائیگیاں جعلسازی کے ذریعہ نہیں ہوسکیں گی اس ضمن میں محکمہ خزانہ نے اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ ، ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس افسران ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس افسران اور ٹریزری افسران کو ایک مراسلہ ارسال کیا گیا ہے
جس میں کہا گیا ہے کہ آئندہ پے اینڈ الاؤنس کی مد میں جو اجازت اور گرانٹ دی جائے گی اس وہ محکمہ کی ویب سائٹ پر آجائیں گی اور ہر اجازت اور گرانٹ پر بار کوڈ ہوگا جس کے بعد جتنی بھی ادائیگیاں کی جائیں اس کے لئے محکمہ خزانہ کے بار کوڈ سے تصدیق کی جائے کیونکہ ہر اجازت نامہ پر بار کوڈ چسپاں کیا جاتا ہے جو محکمہ کی ویب سائٹ پر موجود ہوتا ہے
اس بار کوڈ کو کسی بھی ڈیوائس سے کیو آر کوڈ ریڈر سے پڑھا جاسکتا ہے اگر بار کوڈ سے تصدیق نہ ہوسکے تو ادائیگی نہ کی جائے اور محکمہ خزانہ کو آگاہ کیا جائے اگر بار کوڈ سے تصدیق ہوجائے تو فوری طور پر ادائیگی کی جائے مراسلہ میں زور دیا گیا ہے کہ اس حکم نامہ پر اس کی اصل روح کے مطابق عمل کیا جائے
محکمہ خزانہ نے اس ضمن میں ایک پروفارما بھی جاری کیا ہے جس میں 6 نکات دیئے گئے ہیں اس پروفارما کو بھر کر تمام واجبات کی ادائیگیاں کی جائیں گی پروفارما کے تحت پہلا نقطہ سیریل نمبر کا ہے دوسرا نقطہ نام تحریر کرنا ہے
تیسرا نقطہ عہدے کا ہے چوتھا نقطہ دعویٰ کی نوعیت کے بارے میں ہے پانچواں نقطہ رقم سے متعلق ہے اور چھٹا نقطہ ایڈوائس نمبر اور محکمہ خزانہ کی تاریخ کا ہے
ان افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس پروفارما کو بھرکر محکمہ خزانہ کو ارسال کریں محکمہ خزانہ اس پر جو بھی حکم نامہ جاری کرے گا اس میں بارکوڈ شامل ہوگا جس کے بعد ادائیگیاں کی جائیں گی ۔








