
بحر اوقیانوس میں سیاحوں کی لاپتا آبدوز ٹائٹن کے لیے ایمرجنسی ریسکیو آپریشن جاری ہے لیکن اس کے شروع ہونے سے لے کر اب تک تشویش بڑھتی جارہی ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق آبدوز میں آکسیجن ختم ہونے میں 6 گھنٹے رہ گئے ہیں جس کے باعث اس میں موجود اور اس آبدوز کو ڈھونڈنے والوں کے لیے وقت بہت ہی کم رہ گیا ہے۔
امریکی کوسٹ گارڈ کے کپتان نے کہا ہے کہ دوسرے روز بھی سمندر کے نیچے سے آوازیں سنی گئی ہیں، لاپتا ہونے والی ٹائٹن میں سوار 5 افراد کے اب بھی بچ جانے کی امید باقی ہے۔
امریکی کوسٹ گارڈ کے کپتان کا کہنا ہے کہ وقت کی کمی کے ساتھ ریسکیو آپریشن کا دائرہ وسیع کیا ہے، ٹائٹن عملے کی بحفاظت واپسی کے لیے تمام میسر وسائل استعمال کر رہے ہیں۔
لاپتا آبدوز میں معروف پاکستانی بزنس مین شہزادہ داؤد اور ان کے بیٹے سلیمان داؤد سمیت 5 افراد سوار ہیں، یہ لوگ 18 جون کو ٹائیٹینک کا ملبہ دیکھنے کے لیے کینیڈا کے علاقے نیو فاؤنڈلینڈ سے آبدوز کے سفر پر روانہ ہوئے تھے۔







