
چئیرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے رات گئے اپنی ٹویٹ کے ذریعے پاکستانی سیاست میں ہنگامہ برپا کردیا ہے۔ گو کہ یہ ٹویٹ انکی بطور چئیرمین تعیناتی سے متعلق انکے فیصلے پر مبنی ہے لیکن اس نے پاکستانی حکمران اتحاد کے درمیان موجود چپقلش اور کشمکش کو ناموں کے ساتھ واضح کردیا ہے۔
نجم سیٹھی نے ٹویٹ میں لکھا کہ سب کو سلام! میں آصف زرداری اور شہباز شریف کے درمیان وجہ تنازعہ نہیں بننا چاہتا۔ ایسا عدم استحکام اور غیر یقینی صورتحال پی سی بی کے لیے اچھی نہیں ہے۔ ان حالات میں میں پی سی بی کی چیئرمین شپ کا امیدوار نہیں ہوں۔ تمام اسٹیک ہولڈرز کو گڈ لک۔
یاد رہے کہ دو روز قبل بلاول بھٹو نے ایک سیاسی جلسے میں بجٹ پر تحفظات کے حوالے سے حکومت کو وارننگ دی تھی۔ جسکے ںعد حکومت کی جانب سے جوابی بیانات کے ساتھ سیلاب متاثرین کو مطلوبہ فنڈز جاری کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اسکے علاوہ آصف زرداری نے بھی کارکنوں سے غیر رسمی گفتگو میں اس حکومت کا حصہ بننے کو ایک سیاسی مجبوری قرار دیا تھا۔







