
شہر قائد کے علاقے عزیز آباد نعمت کالونی میں پچاس سے زائد نشے میں دھت افراد نے پولیس پر دھاوا بول کر دو اہل کاروں کو زخمی کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے عزیز آباد میں بڑی تعداد میں نشہ کرنے والے افراد نے حملہ کر کے شاہین فورس کے 2 اہل کاروں کو زخمی کر دیا، جنھیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق زخمی اہل کاروں میں پرویز خان، محمد حماد شامل ہیں، جو عزیز آباد تھانے میں تعینات ہیں، دونوں اہل کار موٹر سائیکل پر علاقے میں گشت کر رہے تھے، اس دوران انھوں نے نعمت کالونی میں نشے میں دھت افراد کو روکا تو انھوں نے حملہ کر دیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی تعداد 60 سے 70 تھی، جن میں سے 5 کو گرفتار کر لیا گیا ہے، اور ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جا رہا ہے، جب کہ دیگر افراد کی تلاش جاری ہے۔







