
کراچی ( رپورٹ شکیل نائچ ) لبرٹی ڈہرکی پاور کمپنی میرپورماتھیلو اور ایگزیکٹو انجنیئر میرپور ڈویزن آبپاشی میرپورماتھیلو ڈویزن کے درمیان پانی کی فراہمی کے معاہدے کو روکنے پر اختلاف شدت اختیار کرگئے ہیں ایگزیکٹو انجنیئر آبپاشی نے لبرٹی پاور کمپنی کی انتظامیہ کو ناقابل اعتماد اور نادہندہ قرار دیتے ہوئے پانی کی فراہمی کے معاہدہ میں توثیق کو روک دیا ہے جس کے جواب میں لبرٹی پاور کمپنی نے ایگزیکٹو انجنیئر آبپاشی کو دھمکی دی ہے کہ وہ الزامات واپس لیں دوسری صورت میں ہتک عزت کی قانونی کارروائی کریں گے لبرٹی پاور کمپنی کی جانب سے ایگزیکٹو انجنیئر آبپاشی میرپور ماتھیلو کو ایک مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ لبرٹی پاور کمپنی ایک انڈیپینڈینٹ پاور کمپنی ( آئی پی پی ) ہے جو ستمبر 2000ء سے 235 میگاواٹ بجلی پیدا کرکے نیشنل گرڈ میں شامل کررہی ہے اور کمپنی ہمیشہ اعلیٰ اقدار کے ساتھ تعاون کی روایات کو برقرار رکھا ہے ادارہ کبھی بھی نادہندہ نہیں رہا اور ادارے کا یہ ریکارڈ رہا ہے کہ حکومتی ایجنسیز ، محکموں اور ٹھیکیدار وغیرہ کو بروقت ادائیگی کرتا ہے بشمول واٹر چارجز کی ادائیگی بھی محکمہ آبپاشی کو بروقت کی جاتی ہے یہاں اس بات کی نشاندہی کی جاتی ہے کہ محکمہ آبپاشی کی اجازت سے کنڈیر برانچ اور شیر خان مائینز پر 5 ٹیوب ویل نصب کی گئی ہیں تاکہ پاور پلانٹ کو پانی کی فراہمی کی جاسکے ادارے کے ساتھ پاکستان کے قومی مفاد میں سپرینٹینڈنگ انجنیئر گھوٹکی فیڈر سرکل سکھر کی سفارش پر چیف انجنیئر آبپاشی گڈو بیراج نے 7 نومبر 1996ء کو معاہدہ کیا تھا جس کا لیٹر بھی جاری کیا گیا یہ لیٹر معاہدے کا دستاویز ہے جس پر ایگزیکٹو انجنیئر مائینر ڈویزن گھوٹکی اور پروجیکٹ ڈائریکٹر لبرٹی پاور لمیٹیڈ نے 20 نومبر 1996ء کو دستخط کئے تھے اور یہی معاہدہ بغیر کسی خلل کے تاحال برقرار ہے مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ ہم ایگزیکٹو انجنیئر آبپاشی کی جانب سے ناقابل اعتبار اور نادہندہ جیسے الزام کی سختی سے مذمت کرتے ہیں ان الزامات کی تردید کرتے ہیں جو جان بوجھ کر لگائے گئے ہیں یہ ادارہ قانون کی عدالت میں جانے کا حق محفوظ رکھتا ہے اور ایگزیکٹو انجنیئر کے خلاف قانونی کارروائی کرسکتا ہے ایگزیکٹو انجنیئر کی جانب سے 29 مئی کو لبرٹی پاور کمپنی کو بھیجا گیا نوٹس اس صنعت کی انتہائی حوصلہ شکنی کے لئے ہے جو عوام کو بنیادی سہولت فراہم کررہا ہے اور پاکستان کے قومی مفاد کی خدمات پر پختہ یقین رکھتا ہے اور پاور جنریشن میں اپنا حصہ شامل کرتا ہے لبرٹی پاور کمپنی کی جانب سے ایگزیکٹو انجنیئر کو انتباہ کرتی ہے کہ اگر انہوں نے لبرٹی پاور کمپنی کو کینال سے فراہم کیا جانے والا پانی روک دیا جو اس پاور پلانٹ کے آپریشن کے لئے بقا کی حیثیت رکھتا ہے یہ نہ صرف ملک کے قومی مفاد کے خلاف ہوگا بلکہ نیشنل گرڈ کو فراہم کی جانے والی بجلی کی فراہمی منقطع کرنے کے برابر ہوگا جس سے ادارے کو بھاری مالی نقصان ہوگا جس کے اعلیٰ قانونی اثرات سامنے آئیں گے مراسلہ کے آخر میں ایگزیکٹو انجنیئر میرپورماتھیلو سے دو گذارشات کی گئی ہیں ایک یہ کہ وہ معاہدے کے تحت لبرٹی ڈہرکی پاور لمیٹیڈ میرپور ماتھیلو اور کینال سے پانی کی فراہمی منقطع کرنے کا نوٹس واپس لیں اور ادارے کے خلاف بے بنیاد اور من گھڑت الزامات واپس لیں ۔





